اداکارہ عینی جعفری کی چار سال بعد اسکرین پر واپسی

پاکستان شوبز انڈسٹری کی اداکارہ عینی جعفری چار سال بعد ویب سیریز ’مندی‘ سے جلد اسکرین پر واپسی کریں گی۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 4 سال کے بریک کے بعد انتہائی باصلاحیت کاسٹ کے ساتھ اس پروجیکٹ کا حصہ بننے پر بہت خوش اور پُرجوش ہوں۔

انہوں نے کہا کہ اداکاری کے میدان میں دوبارہ واپسی پر بیک وقت میں نروس بھی ہوں اور بہت پرجوش بھی ہوں۔

انہوں نے کیپشن میں مزید لکھا کہ میں محسوس کررہی ہوں کہ اتنا وقت گزرنے کے باوجود اس فن کے لیے مجھ میں جو جذبہ ہے وہ کبھی ختم ہی نہیں ہوا۔

عینی جعفری کے مطابق اس بریک نے مجھے صبر و تحمل سکھایا ہے اور ایک عورت اور ماں ہونے کے ناتے ایک بیش قیمتی سبق یہ بھی سیکھا کہ آُ سب کچھ ایک ہی وقت میں نہیں کرسکتے، ہر چیز کا وقت اپنے وقت پر آتا ہے۔
واضح رہے کہ اویس خان کی ہدایت کاری میں سیاست کے موضوع پر بننے والی ویب سیریز کی شوٹنگ کا آغاز لاہور میں ہوچکا ہے۔

اس ویب سیریز میں عینی جعفری کے علاوہ، صبا قمر، میکال ذوالفقار اور شایان خان بھی اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔