ڈینیئل کریگ کو جیمز بانڈ میں عمدہ اداکاری پر شاہی ایوارڈ تفویض

شہرہ آفاق فلم جیمز بانڈ کے اداکار ڈینیئل کریگ کو گزشتہ روز ’دی آرڈر آف سینٹ مائیکل اینڈ سینٹ جارج‘ ایوارڈ سے نوازا گیا۔

یہ وہی ایوارڈ ہے جو جیمز بانڈ فلم میں ایجنٹ بانڈ کو مل چکا ہے۔

54 سالہ ڈینیئل کریگ نے پانچویں اور آخری بار جیمز بانڈ کی فلم میں پچھلے سال اداکاری کی تھی۔
ایوارڈ وصول کرتے وقت کریگ نے اپنا سر جھکایا اور برطانوی بحریہ کی وردی میں ملبوس شہزادی این نے مسکراہٹ کے ساتھ انہیں یہ تمغہ پہنایا۔

ایوارڈ کی یہ تقریب ونڈسر محل میں منعقد ہوئی، ڈینیئل کریگ کو یہ ایوارڈ فلم اور تھیٹر کےلیے عمدہ کارکردگی پر دیا گیا۔

شاہی خاندان کے آفیشل ٹوئٹر سے بھی اس حوالے سے ٹوئٹ کی گئی۔