پنجاب یونیورسٹی سکول آف کمیونیکیشن سٹڈیز کے شعبہ پبلک ریلیشنز اینڈ ایڈورٹائزنگ کے زیر اہتمام’رومی ڈے‘کی مناسبت سے’فلسفہ روم اور دور حاضر کا نوجوان‘ کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد

لاہور (جنرل رپورٹر) پنجاب یونیورسٹی سکول آف کمیونیکیشن سٹڈیز کے شعبہ پبلک ریلیشنز اینڈ ایڈورٹائزنگ کے زیر اہتمام’رومی ڈے‘کی مناسبت سے’فلسفہ روم اور دور حاضر کا نوجوان‘ کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر سابق وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم مظہر، چیئرپرسن شعبہ صحافت پروفیسر ڈاکٹر بشریٰ حمید الرحمان، چیئرپرسن ڈیپارٹمنٹ آف پی آر اینڈ ایڈورٹائزنگ پروفیسر ڈاکٹر عابدہ اشرف، چیئرپرسن ڈیپارٹمنٹ آف ڈیجیٹل میڈیاپروفیسر ڈاکٹر سویرا شامی،چیئرپرسن شعبہ فارسی لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر سیدہ فلیحہ زہرہ کاظمی، ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر فائزہ لطیف، فیکلٹی ممبران اور طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔ اپنے خطاب میں پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم مظہر نے کہا کہ تعلیمی ادارے مکالمے کی بہترین جگہ ہیں اور ہمیں اپنے نوجوانوں کو رومی جیسی عظیم شخصیات سے روشناس کرانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ رومی کی زندگی سے ہمیں یہ سبق ملتا ہے کہ خدا کے ساتھ ربط ایک پائیدار اور روحانی کیفیت ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر سیدہ فلیحہ کاظمی نے کہا کہ زندگی ایک جہد مسلسل کا نام ہے اور علم کے بغیر بہادری بے معنی ہے۔پروفیسر ڈاکٹر بشریٰ حمید الرحمان نے کہا کہ مولانا رومی نے ہمیشہ خدا کی وحدانیت کا درس دیا۔ انہوں نے کہا کہ رومی کی زندگی سے ہمیں یہ سبق ملتا ہے کہ انسان کی محبت خدا کی محبت کے لئے ضروری ہے اور مخلوق خدا کی خدمت ہمیشہ ہماری اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ پروفیسر ڈاکٹر عابدہ اشرف نے کہا کہ معرفت،عشق اور اخلاقیات روحانی وجود استوار کرتی ہیں اور خودی کی پہچان ہی خدا کی پہچان ہے۔ تقریب کے اختتام پر معزز مہمانوں کو سوونیئرز اور پرفارم کرنے والے طلباؤطالبات میں تعریفی اسنادتقسیم کی گئیں۔