زیر اعلیٰ سندھ کے مشیر برائے جیل خانہ جات اعجاز جکھرانی نے کہا ہے کہ ملک سیلاب سے ڈوب رہا ہے لیکن عمران خان کومتاثرین سے کوئی سروکارنہیں وہ اقتدار کے ہو س میں مبتلا ہوچکا ہے

وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر برائے جیل خانہ جات اعجاز جکھرانی نے کہا ہے کہ ملک سیلاب سے ڈوب رہا ہے لیکن عمران خان کومتاثرین سے کوئی سروکارنہیں وہ اقتدار کے ہو س میں مبتلا ہوچکا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع انتظامیہ کی جانب سے قائم خیمہ بستی میں سیلاب متاثرین سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، صوبائی مشیر نے متاثرین سے ملاقات کرکے ان کے مسائل معلوم کئے اور ان کے ساتھ کھانا بھی کھایا، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ملک ڈوبا ہوا ہے لیکن عمران خان اپنے جلسوں میں مصروف ہے سیاست کا ایک وقت ہوتا ہے اب قوم ایک مشکل وقت سے گذر رہی ہے اس لیے اب سیاست کا نہیں خدمت کا وقت ہے، انہوں نے کہا کہ سندھ، بلوچستان، کے پی کے سمیت پورا ملک ڈوبا ہوا ہے تمام سیاسی قیادت عوام کی خدمت کے لیے نکلی ہوئی ہے لیکن عمران خان ہوس اقتدار میں پاگل ہوچکے ہیں، انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرہ علاقوں سے پانی کی نکاسی اور متاثرین کی بحالی کے لیے کوششیں جاری ہیں سیلابی پانی کو ٹیکنیکل طریقے سے راستہ دیکر دیگر علاقوں کو ڈوبنے سے بچایا جائے گا۔
گڑہی خیرو میں گیسٹرو میں مبتلا ہوکر خاتون و بچے سمیت 3افراد فوت، سینکڑوں لوگ مبتلا۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کی تحصیل گڑہی خیرو میں بڑی تعداد میں سیلاب متاثرین گیسٹرو اور ملیریا جیسے وبائی امراض میں مبتلا ہوچکے ہیں جس کی وجہ سے خاتون اور بچے سمیت 3افراد فوت ہوچکے ہیں،گیسٹرو کی وباء کے باعث گڑہی خیرو کے نواحی گاؤں سلیمان کٹوہر میں 45سالہ لطف کٹوہر، گاؤں گہرام بروہی میں 60سالہ خاتون مسمات بھرائی اور 2سالہ بچی شہر بانو فوت ہوچکی ہیں جبکہ سینکڑوں کی تعداد میں خواتین و بچے گیسٹرو، ملیریا سمیت دیگر وبائی امراض میں مبتلا ہوچکے ہیں، گڑہی خیرو میں محکمہ صحت کی جانب سے تاحال کوئی میڈیکل کیمپ نہیں لگائی گئی اور نہ متاثرین کو وبائی امراض سے بچانے کے لیے کوئی اقدامات کئے گئے ہیں، متاثرین کے مطابق سینکڑوں لوگ مختلف وبائی امراض میں مبتلا ہیں اگر متاثرین کو بروقت علاج کی سہولیات فراہم نہیں کی گئی تومزید اموات کا خدشہ ہے۔ مقامی صحافی حسین بخش جمالی کے مطابق سیلابی صورتحال کے بعد اب تک تحصیل گڑہی خیرو میں مختلف وبائی امراض اور حادثات میں خواتین و بچوں سمیت 31افراد فوت ہوچکے ہیں انہوں نے مطالبہ کیا کہ فلفور تحصیل گڑہی خیرو میں میڈیکل کیمپ قائم کئے جائیں اور متاثرین کو علاج کی سہولیات فراہم کی جائیں۔
جمعیت علماء اسلام سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو نے کہا ہے کہ سیلاب نے بڑی تباہی مچائی ہے،جے یو آئی ہر سطح پر متاثرین کی مدد کررہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ مدینہ ٹھل میں 350 متاثرین اور 100 خواتین میں راشن بیگ اور نقدی تقسیم کرنے کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جے یو آئی ضلع جیکب آباد کے امیر ڈاکٹر اے جی انصاری، جنرل سیکرٹری سید عبدالباسط شاہ، مفتی عبدالشکور کھوسو، میر حسن کھوسو اور دیگر بھی موجود تھے۔ علامہ راشد محمود سومرو نے مزید کہا کہ اس وقت تک پوری سندھ کے کونے کونے میں جاکر 25 ہزار سیلاب متاثرین میں راشن، نقدی اور دیگر اشیاء تقسیم کی گئی ہے، انہوں نے کہا کہ سیلاب و بارشوں کی وجہ سے ہزاروں گھر منہدم ہوچکے ہیں اور بڑی تعداد میں انسانی جانوں کا ضیاع ہوا ہے اہم معاشی ذریعہ زراعت مکمل تباہ ہوچکا ہے، جے یو آئی متاثرین کو ہر ممکن مدد کرہی ہے،ا نہوں نے کہا کہ سونامی سے ہونے والی تباہ کاری سے موجودہ سیلاب کی تباہ کاری زیادہ ہے اور موجودہ سیلابی صورتحال میں جتنی تباہی آئی ہے گذشتہ ایک صدی کے دوران اتنی بڑی تباہی نہیں ہوئی۔