خیرپور ضلع میں بارش کے پانی کی وجہ سے کیلے اور کھجور کے باغات تباہ ہوچکے ہیں


پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی نفیسہ شاہ نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیرپور کے لوگوں کے ساتھ کھڑے ہونے پر جیو ٹی وی اور آپ کی مشکور ہوں،سندھ میں جمع پانی نکالنے کیلئے حکومت اور فوج سمیت تمام اداروں کو مل کر کام کرنا ہوگا، ضلع خیرپور کو تین طرح سے پانی نے اٹیک کیا اس لیے زیادہ متاثر ہوا ہے، پہاڑوں سے آنے والے سیلابی ریلوں، 500فیصد زیادہ بارشوں اور نکاسی آب کا نظام تباہ ہونے سے خیرپور کو نقصان ہوا ہے، خیرپور میں بعض جگہوں پر بارہ سے اٹھارہ فٹ پانی کھڑا ہوا ہے، 90 فیصد کچے گھر جبکہ 60فیصد پکے گھرتباہ ہوئے ہیں،وفاقی اور سندھ حکومت پوری نیک نیتی سے سیلاب متاثرین کی مدد کرنے کی کوشش کررہی ہے، خیرپور میں دس لاکھ ترپالوں ، راشن اور ادویات کی ضرورت ہے، یہاں وڈیرے بلاوجہ بدنام ہیں، وڈیرے اپنے گھر چھوڑ کر ہمارے ساتھ کام کررہے ہیں۔نفیسہ شاہ نے ان خیالات کا اظہار جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ کے میزبان حامد میر سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ یاد رہے سینئر صحافی و تجزیہ کار حامد میر گزشتہ کئی دنوں سے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی براہ راست کوریج کر کے اقتدار کے ایوانوں تک متاثرین کی آواز پہنچارہے ہیں۔ میزبان حامد میر نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خیرپور ضلع میں بارش کے پانی کی وجہ سے کیلے اور کھجور کے باغات تباہ ہوچکے ہیں جبکہ متاثرین کا کہنا ہے کہ ہمیں کھانے پینے کیلئے کسی طرف سے کوئی مدد نہیں ملی،حامد میر نے کہا کہ سیلابوں سے سب سے زیادہ نقصان سندھ میں ہوا ہے، پاکستان کے شمالی علاقہ جات کے دریاؤں کا پانی پنجاب سے ہوتا ہو سندھ میں داخل ہورہا ہے۔
https://e.jang.com.pk/detail/224725
===================================