اب کن میڈلز پر نظر ہے؟ ارشد ندیم نے اہداف بتادیے

پاکستانی اولمپئن ارشد ندیم نےایشین گیمز، اولمپکس اور ورلڈ چیمپئن شپ میں میڈلز جیتنے کو ہدف قرار دیا ہے۔

کامن ویلتھ اور اسلامک سالیڈیرٹی گیمز کے گولڈ میڈلسٹ نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کی اور کہا کہ ٹوکیو اولمپکس کی شکست کے بعد میں نے بہت محنت کی۔
انہوں نے کہا کہ خوش ہوں کہ میں نے اچھی تھرو کرکے ملک کےلیے دو گولڈ میڈلز جیتے، توقعات بڑھ گئی ہیں مجھے اب مزید محنت کرنی ہے تاکہ کارکردگی میں تسلسل آئے۔

ارشد ندیم نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات ہورہی ہے، اُن سے حوصلہ افزائی کی امید ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ نیرج چوپڑا کی ساری ٹریننگ ملک سے باہر ہوتی ہے جبکہ میری سہولیات سب کے سامنے ہیں، اسپانسرز کو آگے آنا چاہیے تاکہ ایتھلیٹ کی سرپرستی ہو۔

پاکستانی اولمپئن نے یہ بھی کہا کہ گھٹنے اور کہنی کی انجری پر کام ہورہا ہے، اس کا مزید علاج کرواؤں گا، جب تک مخصوص اسٹیڈیم نہیں بنتا تو پنجاب اسٹیڈیم میں وقت مختص جائے۔

انہوں نے کہا کہ ایشین گیمز، اولمپکس اور ورلڈ چیمپئن شپ میں میڈلز جیتنا ہدف ہے، آئندہ برس سے بڑے مقابلے ہیں، ان کے لیے خود کو تیار کررہا ہوں۔