کرکٹرعثمان قادر نے اپنا خواب بتا دیا

لیگ اسپنر عثمان قادر کا کہنا ہے کہ بھارت کے خلاف کھیلنا ہر کسی کا خواب ہوتا ہے، میرا بھی خواب یہی ہے کہ میں بھارت کے خلاف کھیلوں اور اچھا پرفارم کروں۔

نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر لاہور میں ٹریننگ کے موقع پر ’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرے والد کی بھارت کے خلاف پرفارمنسز رہی ہیں، میں بھی ان کے نقشِ قدم پر چلتا ہوا بھارت کے خلاف پرفارم کرنا چاہتا ہوں، اگر مجھے ایشیاء کپ میں موقع ملا تو میں ضرور اس موقع سے فائدہ اٹھاؤں گا۔

کرکٹر عثمان قادر کا کہنا ہے کہ میں چونکہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کھیل رہا ہوں تو اب اسی مناسبت سے ٹریننگ کی ہے، جب لمبا وقفہ آ جائے تو کوشش ہوتی ہے کہ زیادہ فٹنس پر کام کروں اور پریکٹس کروں، میں موقع کا منتظر رہتا ہوں اور جب مجھے موقع ملتا ہے تو اس سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتا ہوں، اب بھی اگر مجھے موقع ملا تو میں جسمانی اور ذہنی طور پر اس کے لیے تیار رہوں گا۔

انہوں نے کہا کہ ایشیاء کپ کے لیے نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں لاہور کی گرمی میں بھرپور ٹریننگ کی ہے، پاکستان ٹیم نیدر لینڈز میں سیریز کھیل رہی ہے، ایشیاء کپ میں بھارت سمیت تمام ٹیموں کے خلاف میچز میں اچھے نتائج سامنے آئیں گے، دبئی کے موسم کی وجہ سے فرق نہیں پڑے گا، دونوں جگہوں کی کنڈیشنز ایک جیسی ہیں۔

عثمان قادر کہتے ہیں کہ میری کوشش ہے کہ ٹی ٹوئنٹی کے ساتھ ساتھ ون ڈے ٹیم میں بھی اپنی جگہ پکی کروں، اس کے لیے میں نے بہت پریکٹس کی ہے، کوشش کی ہے کہ خراب گیند نہ کروں جس پر رنز بنیں، رنز روکنے کے لیے کام کر رہا ہوں، وائٹ بال کرکٹ میں بیٹنگ بہت اہم ہو چکی ہے، اس میں بھی اعتماد حاصل کر رہا ہوں۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ میں نے ہمیشہ عمران طاہر کو فالو کیا ہے، مجھے جب بھی کوئی مشکل ہوتی ہے تو میں فوری طور پر ان سے بات کرتا ہوں، عمران طاہر ایک اوور میں ورائٹی کے ساتھ بولنگ کرتے ہیں اور رنز بھی روکتے ہیں، میں بھی ان کی طرح پرفارم کرنے کی کوشش کرتا ہوں۔

واضح رہے کہ 29 سالہ لیگ اسپنر عثمان قادر پاکستان کی جانب سے ایک ون ڈے انٹر نیشنل جبکہ 18 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیل چکے ہیں