دوسرا ٹیسٹ: پاکستان کی بیٹنگ جاری

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم کا پہلی اننگز میں مایوس کن آغاز ہوا ہے۔

کپتان بابر اعظم 16 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، پہلے ٹیسٹ کے ہیرو عبداللّٰہ شفیق بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

پاکستان نے اب سے کچھ دیر پہلے تک 2 وکٹوں کے نقصان پر 44 رنز بنا لیے ہیں جبکہ سری لنکا کی پہلی اننگز کا خسارہ پورا کرنے کے لیے مزید 334 رنز درکار ہیں۔

سری لنکا کی پہلی اننگز
سری لنکا کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 378 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

سری لنکا نے پہلے دن کے اختتام پر 6 وکٹوں کے نقصان پر 315 رنز بنا لیے تھے، دوسرے دن کے کھیل میں میزبان ٹیم نے 63 رنز کا اضافہ کیا۔
سری لنکا کی جانب سے دنیش چندی مل 80، اوشاڈا فرنینڈو 50، اینجیلو میتھیوز 42 اور کپتان دیمتھ کرونا رتنے 40 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

قومی ٹیم کی جانب سے نسیم شاہ اور یاسر شاہ 3، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ محمد نواز نے 2 اور نعمان علی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

سری لنکا نے 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اظہر علی اور شاہین شاہ آفریدی کی جگہ فواد عالم اور نعمان علی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ سری لنکا کے شہر گال ہی میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے میزبان ٹیم کو 4 وکٹوں سے شکست دی تھی۔