ترک موسیقار کا عمران خان کو ’ایبسلوٹلی ناٹ‘ گانے کا تحفہ

تُرکیہ کے موسیقار ترگے ایورن کی جانب سے حب الوطنی پر مبنی گانا ’ایبسلوٹلی ناٹ‘ گا کر پاکستان اور پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے۔

تُرک موسیقار ترگے ایورن نے گانا ’ایبسلوٹلی ناٹ‘ اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور یوٹیوب چینل پر اپ لوڈ کیا ہے۔

4 منٹ 16 سیکنڈ کے اس گانے میں قائدِ اعظم محمد علی جناحؒ سے لے کر پاکستان کے خوبصورت نظاروں کے علاوہ سابق وزیرِ اعظم عمران خان کو سیاست میں ایکشن میں دکھایا گیا ہے۔
ترگے ایورن کا کہنا ہے کہ یہ گانا ایک تُرک بھائی کی جانب سے عمران خان اور پاکستان کو خراجِ تحسین ہے، مجھے امید ہے کہ آپ سب اسے پسند کریں گے اور اس کی حمایت کریں گے۔

یوٹیوب سمیت مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اس گانے کو پاکستان سمیت تُرک عوام کی جانب سے خوب پسند کیا اور سراہا جا رہا ہے۔
گانے کا ٹائٹل عمران خان کی جانب سے آسٹریلوی صحافی کو دیے گئے ایک انٹرویو کے دوران مشہور جواب ’ایبسلوٹلی ناٹ‘ پر رکھا گیا ہے۔
دوسری جانب ترک موسیقار ترگے ایورن کی جانب سے یہی گانا شیئر کرتے ہوئے عمران خان کو پنجاب سے ضمنی الیکشن میں جیت پر مبارک باد بھی دی گئی ہے۔