نامور بھارتی پروڈیوسر پر 31 کروڑ کی منی لانڈرنگ کا الزام، مقدمہ درج

بالی ووڈ فلم رستم، پیڈمین اور ٹوائلٹ ایک پریم کتھا جیسی مشہور فلموں کی پروڈیوسر پریرنا اروڑا پر منی لانڈرنگ کا الزام لگ گیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق انفورسمنٹ ڈائریکٹر (ای ڈی) نے پریرنا اروڑا پر 31 کروڑ روپے کے فراڈ اور منی لانڈرنگ کے الزام میں مقدمہ درج کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ای ڈی نے 31 کروڑ کے مبینہ فراڈ اور منی لانڈرنگ کے معاملے میں پریرنا کو بدھ کے روز طلب کیا تھا لیکن وہ حاضر نہیں ہوئیں۔

اُن کے وکیل ای ڈی دفتر پہنچے اور حکام کو بتایا کہ پریرنا اس وقت اپنے پروفیشنل کام کے لیے شہر سے باہر ہیں، اس لیے انہیں مزید مہلت دی جائے۔

آج ہی بھارتی نیوز ایجنسی نے بتایا تھا کہ بالی ووڈ پروڈیوسر پریرنا اروڑا پر 31 کروڑ کا منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج ہے، ای ڈی نے انہیں آج طلب کیا لیکن وہ پیش نہیں ہوئیں کیونکہ وہ ممبئی سے باہر ہیں۔

اس سے قبل پریرنا اروڑا کو اقتصادی جرائم کے ونگ (ای او ڈبلیو) کے افسر نے 2018ء میں گرفتار کیا تھا، ان پر دھوکا دہی اور مجرمانہ سازش سے متعلقہ آئی پی سی دفعات لگائی گئی تھیں۔

دراصل انہوں نے معاہدے کی خلاف ورزی کی، فلم کے حقوق دوسری کمپنی کو بیچ دیے اور کمپنی سے حقیقت چھپائی، پھر وہ رقم واپس کرنے بھی ناکام رہیں۔