مہوش حیات کا مِس مارول میں انٹری کے بعد پہلا ٹوئٹ

پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ مہوش حیات نے ڈزنی کی مسلمان سُپر ہیرو پر بنی ویب سیریز ’مِس مارول میں انٹری کے بعد سوشل میڈیا پر پہلا پیغام جاری کردیا۔

مہوش حیات نے اپنے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر مِس مارول کے نئے ہوم پیچ کی تصویر شیئر کی جس پر مہوش حیات کے کردار عائشہ کی تصویر شائع تھی جو کہ اُنہوں نے مِس مارول میں ادا کیا ہے۔
اپنے ٹوئٹ میں مہوش حیات نے لکھا کہ زبردست! ڈزنی کے ہوم پیج پر عائشہ کی تصویر۔
اُنہوں نے کہا کہ وہ عائشہ کو دُنیا بھر سے ملی محبتوں کو دیکھ کر جذباتی اور بےحد خوش ہو رہی ہیں۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ میرے الفاظ کو بہتر بنانے کے لیے آپ کا شکریہ۔

واضح رہے کہ مارول اسٹوڈیوز کی اس ٹی وی سیریز کی ہدایات کاری شرمین عبید چنائے کے علاوہ مزید تین نامور ہدایت کار عدیل العربی، بلال فلاح اور بھارتی نژاد امریکی خاتون میرا مینن نے دی ہیں۔

مس مارول کا پریمیئر 4 جون کو لاس اینجلس میں ہوا تھا جس میں پاکستان سے مہوش حیات، نمرہ بچہ، ثمینہ احمد ، وردہ عزیز اور ساگر شیخ نے سیریز کی ڈائریکٹر شرمین عبید چنائے کے ساتھ شرکت کی تھی۔