یونیورسٹی آف ایجوکیشن، لاہور کے ٹوسٹ ماسٹرز کلب کے زیراہتمام گزشتہ روز ٹاؤن شپ کیمپس میں ”جامعات میں ہنر مندی کے فروغ کے ذریعے خواتین کو بااختیار بنانا“ کے عنوان سے ایک سیمینار کا اہتمام کیا گیا، جس کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا (ستارہِ امتیاز) نے کی

لاہور () یونیورسٹی آف ایجوکیشن، لاہور کے ٹوسٹ ماسٹرز کلب کے زیراہتمام گزشتہ روز ٹاؤن شپ کیمپس میں ”جامعات میں ہنر مندی کے فروغ کے ذریعے خواتین کو بااختیار بنانا“ کے عنوان سے ایک سیمینار کا اہتمام کیا گیا، جس کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا (ستارہِ امتیاز) نے کی جبکہ مہمان مقررین میں بانی 101 سی ای او انکریڈیبل ویمن، پاکستان مس ذیشان ضیاء راجہ اور ڈائریکٹر بزنس انکوبیشن سنٹر، پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ثانیہ ملک تھیں۔ سیمینار کے آغاز پر صدر ٹوسٹ ماسٹرز کلب، یونیورسٹی آف ایجوکیشن ڈاکٹر حمیرا عرفان نے شرکاء کو خوش آمد کہتے ہوئے ٹوسٹ ماسٹرز اور مذکورہ سیمینار کے اغراض و مقاصد کے حوالے سے بریفنگ دی۔


سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا (ستارہِ امتیاز) نے کہا کہ بلاشبہ خواتین کو مساوی حقوق اور مواقع فراہم کئے بغیر کوئی بھی معاشرہ یا ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ پاکستان کی کل آبادی کا نصف سے زائد حصہ خواتین پر مشتمل ہے لیکن بدقسمتی سے ہمارے ملک میں خواتین آج بھی اپنے حقوق کے حصول اور دفاع کے لئے جدوجہد کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مختلف عالمی رپورٹس کے مطابق صنفی امتیاز کسی بھی ملک میں اقتصادی زوال کی ایک بڑی وجہ ہے، لہذا خواتین کو بااختیار بنا کر ملک میں مثبت تبدیلی لائی جا سکتی ہے


اور یونیورسٹی آف ایجوکیشن اپنے اس مشن پر گامزن ہے، جس کا ایک واضح ثبوت حال ہی میں جامعہ میں قائم ہونے والا ویمن ڈویلپمنٹ سنٹر ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مہمان مقرر مس ذیشان ضیاء راجہ نے کہا کہ ہمارا مشن خواتین کو بااختیار اور ہنرمند بنانا ہے تاکہ وہ نہ صرف اپنی زندگیوں میں آسودگی لا سکیں بلکہ ملک و قوم کی ترقی میں بھی اپنا بھرپور کردار ادا کر سکیں۔ پروفیسر ڈاکٹر ثانیہ ملک نے کہا کہ پاکستان کی خواتین میں یہ قابلیت اور صلاحیت موجود ہے کہ وہ ہر طرح کے چیلنجز کا سامنا کر سکیں، ضرورت صرف انہیں رہنمائی اور مواقع فراہم کرنے کی ہے۔


سیمینار کے اختتام پر ڈائریکٹر ڈویژن آف آرٹس اینڈ سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر وحید الرحمن نے مہمان مقررین سمیت تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر مقدس بٹ، ڈاکٹر افاف منظور اور پروگرام کوالٹی ڈائریکٹر، ڈسٹینگوئش ٹوسٹ ماسٹرز عاطف عرفان سمیت طلباء اور اساتذہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔
======================================