شاداب بوڑھا ہوگیا ہے؟ شاداب خان نے کپتان کے طنز کا جواب دے دیا

قومی ون ڈے کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان نے کپتان بابر اعظم کے طنز کا جواب دے دیا۔

سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں شاداب خان نے بابر اعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’جی آپ کہہ رہے تھے کہ میں بوڑھا ہوگیا ہوں، میری دعا ہے آپ اسی طرح 100 پر 100 مارتے رہو اور ہمیشہ جوان رہو۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ خوشدل شاہ ایسے ہی چھکے مارتا رہے اور ہماری ٹیم بہتر سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتی رہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز کھیلے گئے پہلے ایک روزہ میچ میں پاکستان نے مہمان ٹیم ویسٹ انڈیز کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ون ڈے میچ میں شاداب خان نے ناقابلِ یقین کیچ پکڑ کر سب کو حیران کردیا تھا۔
ملتان میں کھیلے گئے اس میچ میں شاداب خان نے 31ویں اوور میں محمد نواز کی گیند پر شَمارا بروکس کا کیچ پکڑا تھا۔

شاداب خان کے اس ناقابلِ یقین کیچ پر کمنٹیٹر کے ساتھ ساتھ اسٹیڈیم میں موجود تماشائی بھی حیران رہ گئے تھے۔