آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میڈیا اینڈ پبلی کیشن کمیٹی کی جانب سے معروف براڈ کاسٹر/نیوز کاسٹر راحیلہ فردوس کے اعزاز میں تقریب بہر ملاقات کا اہتمام

آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میڈیا اینڈ پبلی کیشن کمیٹی کی جانب سے معروف براڈ کاسٹر/نیوز کاسٹر راحیلہ فردوس کے اعزاز میں تقریب بہر ملاقات کا اہتمام

راحیلہ دوستی کی اعلیٰ مثال ہیں، دوست ایک دوسرے کا سہارا نہیں بلکہ قوت ہوتے ہیں،انیق احمد

راحیلہ فردوس ایک بہترین براڈ کاسٹر اور نیوز کاسٹر کے ساتھ ہمارا فخر ہے، اقبال لطیف

میں نے اپنی زندگی میں جو قیمتی چیز پائی وہ دوستی کا رشتہ ہے، راحیلہ فردوس

بزم طلبہ کے ستاروں کی یہ کہکشاں بہت خوبصورت ہے، بشیر خان سدوزئی

کراچی ( ) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میڈیا اینڈ پبلی کیشن کمیٹی اور بزم طلبہ ریڈیو پاکستان کے ساتھیوں کی جانب سے امریکہ سے تشریف لائی ہوئی معروف براڈ کاسٹر/نیوز کاسٹر راحیلہ فردوس کے اعزاز میں تقریب بہر ملاقات کا اہتمام کیا گیا جس میں انیق احمد، بشیر سدوزئی، اقبال لطیف، علی حسن ساجد، عشرت حبیب، ادریس غازی، شازیہ عالم، طارق رحمانی، نفیس احمد خان، خلیل چنہ، رضوان جعفرنے اظہارِ خیال کیا جبکہ نظامت کے فرائض نعیم قریشی نے انجام دیے، اس موقع پر انیق احمد نے کہاکہ دوستوں پر بات کرنا مشکل تھوڑا سا مشکل ہوتا ہے راحیلہ پر بات کرنا اعزاز کی بات ہے، انہوں نے کہاکہ دوست ایک دوسرے کا سہارا نہیں بلکہ قوت ہوتے ہیں، راحیلہ کی خاص بات یہ ہے کہ وہ ہر محفل اور تقریب میں اپنی جگہ خود بنالیتی ہیں، گورننگ باڈی کے رکن اقبال لطیف نے کہاکہ راحیلہ ہمارا فخر ہے، انہوں نے لوگوں کو سکھایا کہ براڈ کاسٹنگ کیسے ہوتی ہے، راحیلہ ایک بہترین براڈ کاسٹر اور نیوز کاسٹر ہے، بزم طلبہ کا دور بڑا انقلابی دور تھا، انہوں نے کہاکہ مجھ سمیت طلعت حسین اور سلمان علوی کو بہت تجربہ کار لوگوں کے ساتھ کام سیکھنے کا موقع ملا، میڈیا اینڈ پبلی کیشن کمیٹی کے چیئرمین بشیر سدوزئی نے کہاکہ آج جو لوگ یہاں موجود ہیں وہ اپنی ذات میں انجمن ہیں، راحیلہ فردوس کی طالب علمی کے زمانے سے ہی تعلیمی میدان میں بڑی خدمات رہی ہیں آج وہ ہمارے درمیان موجود ہیں یہ ہمارے لیے اعزاز کی بات ہے، بزم طلبہ کے ستاروں کی یہ کہکشاں آج بہت خوبصورت لگ رہی ہے، میں تمام آنے والوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں، یونس ہمدم نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہاکہ بعض شخصیات پھولوں کا گلدستہ ہوتی ہیں جن میں ایک راحیلہ فردوس ہے یہ جہاں جاتی ہیں اپنے منفرد لب و لہجے اور شخصیت سے خوشبو بکھیرتی جاتی ہیں، راحیلہ ایک بہترین نعت خواں بھی ہے اور جس طرح نوجوان نسل میں انہوں نے نعت کاجذبہ بیدار کیا وہ قابل تعریف ہے، آج اس تقریب میں شرکت میرے لیے اعزاز کی بات ہے، رونق محفل راحیلہ فردوس نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ میں نے اپنی زندگی میں جو قیمتی چیز پائی وہ دوستی کا رشتہ ہے، صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ کی مشکور ہوں جنہوں نے اتنی اچھی تقریب سجائی، آج محبتوں کا بڑھتا ہوا رشتہ دیکھ کر بہت خوشی محسوس کررہی ہوں،زمانہ طالب علمی میں جو چیزیں ہم نے سیکھیں وہ ہماری زندگی کا حصہ بن کر ہمارا حال بن چکی ہیں مستقبل میں اگر ہم پلٹ کا دیکھیں تو یہی دوست ، تعلق اور محبت نظر آتی ہے، سیدہ نقوی کے بغیر میری کوئی چیز مکمل نہیں ہوتی انہوں نے ہمیشہ مجھے اپنے ساتھ رکھا اور آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا، اگر میں یہ کہوں کہ آج میں جس مقام پر ہوں وہ ان کی وجہ سے ہے تو غلط نہ ہوگا، عذیر مدنی نے جس طرح خط کے جوابات دیے ان لمحات میں کبھی نہیں بھول سکتی، شاہد کامرانی کی تربیت میرے لیے بہت معنی رکھتی ہے، انہوں نے آخر میں کہاکہ زمانہ چاہے کتنا ہی بدل جائے مگر میرے دوستوں آپ کبھی نہیں بدلنا ، میں آپ لوگوں کی محبت کی قرض دار ہوں جو مجھے ہمیشہ زندہ رکھتی ہیں، علی حسن ساجد نے تحقیقی مقالہ پڑھ کر سنایا۔