خیبر پختونخوا کے ایڈہاک میڈیکل آفیسرز نے 28 فروری2022 سے ملازمت کی مستقلی کے سلسلے میں مکمل طور پر ڈیوٹی سے بائیکاٹ اور احتجاج اور دھرنا دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ تمام 800 سے زائد ایڈہاک ڈاکٹرز ہر قسم کی ڈیوٹی سے بائیکاٹ کریں گے

پشاور(جہانزیب راشد) خیبر پختونخوا کے ایڈہاک میڈیکل آفیسرز نے 28 فروری2022 سے ملازمت کی مستقلی کے سلسلے میں مکمل طور پر ڈیوٹی سے بائیکاٹ اور احتجاج اور دھرنا دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ تمام 800 سے زائد ایڈہاک ڈاکٹرز ہر قسم کی ڈیوٹی سے بائیکاٹ کریں گے اور کسی بھی قسم کی مہم کا خواہ وہ پولیو ہو کرونا ہو خسرہ ہوکسی بھی قسم کی ڈیوٹی نہیں دینگے۔ہم نے تمام ضلعی ہیلتھ افسران(DHOs) کو پیشگی طور پر پر ان بائیکاٹ کے بارے میں اطلاع کرنے کے لیے تمام ڈی ایچ اوزصاحبان کے نام تحریر مراسلے بھی بھیجنے کا عمل شروع کردیا ہے جس میں ڈیوٹی سے بائیکاٹ کے بارے میں ان کو آگاہ کیا جارہا ہے۔ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر جاوید صوبائی صدر ایڈہاک میڈیکل آفیسرز ایسوسیشن خیبر پختونخواہ نے اپنے جاری کردہ پریس بیان میں کیا انکا مزید کہنا تھا کہ ہم پچھلے دو سالوں سے ایڈہاک بنیادوں پر کام کر رہے ہیں جس میں ہمیں 6 مہینوں کی توسیع دی جاتی ہے اور درمیان میں تین مہینوں تک تنخواہ بند ہو جاتی ہے جو کہ انتہائی قابل افسوس عمل ہے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے۔ ایڈہاک ڈاکٹرز نے روز اول سے کورونا وباء کے خلاف بے سرو سامانی میں حکومت اور عوام کا بھرپور ساتھ دیا اور کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کیا اور نہ کررہے ہیں۔ جس کے نتیجے میں ہمارے کئی ڈاکٹرز ساتھی اس وبا کے خلاف جنگ لڑتے ہوئے شہید ہو چکے ہیں۔پوری دنیا میں ڈاکٹرز اور ہیلتھ کمیونٹی کرونا فرنٹ لائن میں کردار ادا کرنے والوں کی قربانیوں کو سراہا جا رہا ہے انہیں مراعات ایوارڈز تعریفی اسناددیکر خراج تحسین پیش کیا جارہا ہے اور دوسری طرف حکومت خیبر پختونخواہ ہمیں ہماری بنیادی حق سے ہی محروم کر رہی ہے جو کہ انتہائی افسوس ناک عمل ہے۔28 فروری سے پورے صوبے خیبر پختونخواہ کے تمام ڈاکٹرز پشاور کے صوبائی اسمبلی چوک میں اپنے جائزحق کے حصول کیلئے احتجاجی دھرنے میں موجود ہونگے جو کہ تب تک جاری رہے گا جب تک ہماری ملازمت کی مستقلی عمل میں نہیں لائی جاتی۔انھوں نے ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کیجانب سے ایڈہاک ڈاکٹرز کے احتجاجی دھرنے کی حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ انکا یہ عمل ہمیشہ کی طرح ینگ ڈاکٹرز کمیونٹی کیلئے نیک شگون ثابت ہوگا۔