جیکب آباد میں چوری کے الزام میں گرفتارنوسرباز خاتون اپنے بچے سمیت پولیس کو چکما دیکر فرار، غفلت برتنے پر سیف ہاؤس میں تعینات ایک خاتون اہلکار سمیت 2اہلکار اور 2چوکیدار گرفتار

جیکب آباد(رپورٹ ایم ڈی عمرانی) جیکب آباد میں چوری کے الزام میں گرفتارنوسرباز خاتون اپنے بچے سمیت پولیس کو چکما دیکر فرار، غفلت برتنے پر سیف ہاؤس میں تعینات ایک خاتون اہلکار سمیت 2اہلکار اور 2چوکیدار گرفتار، ضمانت پر آزاد۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں 4روز قبل چوری کے الزام میں گرفتار کی گئی ملزمہ اپنے بچے سمیت سیف ہاؤس سے پولیس کو چکما دیکر فرار ہوگئی ہے، اطلاعات کے مطابق جیکب آباد میں 4روز قبل سٹی تھانہ کی حدود میں ایک شہری دہنی بخش عمرانی کے گھر سے بھیک مانگنے کا بہانا بنا کر نقدی، زیورات اور موبائل فونز چوری کرنے والی ملزمہ شہناز کھوکھر کو پولیس نے چوری کئے گئے سامان سمیت گرفتار کرکے ریمانڈ پر سول لائن تھانہ کی حدود شکارپور ناکہ کے قریب سیف ہاؤس میں رکھا ہوا تھا گذشتہ روز گرفتار نوسرباز خاتون اپنے بچے سمیت پولیس کو چکما دیکر فرار ہوگئی جس کے بعد پولیس میں کھلبلی مچ گئی، ملزمہ کے فرار ہونے کا ایس ایس پی سمیر نور چنہ نے نوٹس لیتے ہوئے غفلت برتنے پر ایک لیڈی اہلکار پروین اختر سمیت دو اہلکاروں عبداللہ لاشاری اور خان محمد سمیت سیف ہاؤس کے 2چوکیداروں سچل سومرو اور شہزاد علی کے خلاف مقدمہ درج کرکے گرفتار کرنے کے احکامات جاری کئے جس پر سول لائن تھانہ پولیس نے غفلت برتنے والوں کے خلاف مقدمہ درج کرکے گرفتار کرلیا، پولیس نے گرفتار اہلکاروں کو فرسٹ سول جج جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا جہاں عدالت نے گرفتار 3پولیس اہلکاروں اور 2چوکیداروں کو20/ 20ہزار کی ضمانت پر آزاد کردیا۔