اپوزیشن اس وقت متحد نہیں اس لیے ہم اپنا مارچ کررہے ہیں اور پی ڈی ایم 23مارچ کو اپنے لانگ مارچ کی تیاریاں کررہی ہے،

جیکب آباد(رپورٹ ایم ڈی عمرانی) پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثاراحمد کھوڑو نے کہا ہے کہ اپوزیشن اس وقت متحد نہیں اس لیے ہم اپنا مارچ کررہے ہیں اور پی ڈی ایم 23مارچ کو اپنے لانگ مارچ کی تیاریاں کررہی ہے، پیپلز پارٹی پچھلے سال مارچ کرنا چاہتی تھی جس کی ہم نے تیاری بھی کی تھی لیکن پی ڈی ایم نے اس کو کینسل کردیا تھا جس سے متحدہ اپوزیشن کے تاثر کو چھوٹ پہنچی تھی کسی اتحاد میں شوکاز نوٹس نہیں بھیجے جاتے اسی طرز عمل کی وجہ سے پہلے اے این پی اور بعد میں پیپلز پارٹی نے پی ڈی ایم سے اپنی راہیں جدا کردی تھی اپوزیشن کے اتحاد میں دراڑکا تحریک انصاف نے فائدہ اٹھایا اور اس موقع کو غنیمت سمجھ کر وہ کچھ کرلیا جو ان کو کرنا تھا جس سے ملک کو بڑا نقصان ہوا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جکھرانی ہاؤس جیکب آباد میں پارٹی رہنماؤں کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ نااہل نیازی نے کہا تھا کہ میں آئی ایم ایف کے پاس جانے سے خودکشی کو ترجیح دونگا لیکن وہ آئی ایم ایف کے پاس گئے اب ہم پوچھتے ہیں کہ وہ کیوں آئی ایم ایف کے پاس گئے اور کیوں ملک کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کٹھ پتلی حکومت ہے اور ان کے پاس اکثریت نہیں بلکہ ان کوبنی بنائی حکومت دی گئی ان کی بنیادیں مضبوط نہیں، جہاز کی بدولت حکومت بنانے والوں نے ملک کا بیڑا غرق کردیا ہے مہنگائی اوربیروزگاری نے عوام کا جینا محال کردیا ہے آئے روز پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرکے عوام سے جینا کا حق چھینا جارہا ہے کچھ سال پہلے ڈالر 60روپے کا تھا جو اب 180تک پہنچ گیا ہے، نثار کھوڑو نے کہا کہ وزیراعظم اب خون چوسنے والی ڈائن بنے چکے ہیں اور مہنگائی کرکے عوام کا خون چوس رہا ہے، پی پی سندھ کے صدر نے کہا کہ صدارتی نظام کی آئین میں کوئی گنجائش نہیں اگر آئین کو توڑ کر صدارتی نظام لایا گیا تو وہ غداری کے زمرے میں آئے گااور غداری کرنے والا پھانسی چڑھے گا،18ویں ترمیم اب آئین ہے اس کوختم کرنے کے لیے حکومت کے پاس اکثریت نہیں حکمران صوبوں کی خودمختیاری کے خلاف ہیں لیکن ان کی ان سازشوں کو کسی صورت کامیاب ہونے نہیں دیں گے، انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے ٹرانسپورٹرز نے کرائے بڑھادیئے ہیں وزیراعظم جھوٹ بول رہے ہیں کہ یہ گندم ایکسپورٹ کر رہے ہیں گیس نہ ملنے کی وجہ سے فیکٹریاں بند ہورہی ہیں پاکستان اب آزاد نہیں رہا ہمارا فرض ہے پاکستان کو بچائیں لانگ مارچ سے ہم پریشر بڑھا کر حکومت گرائیں گے ہمارا فرض بنتا ہے کہ ہم عوام کا ساتھ دیں۔اس موقع پر پیپلز پارٹی کے ضلع صدر میر لیاقت لاشاری، پی ٹی آئی کے منحرف رکن صوبائی اسمبلی محمد اسلم ابڑو، غلام محمد شہلیانی اور دیگر موجود تھے۔