جے ایس ایم یو پورٹل کا آغاز، پرائیویٹ میڈیکل و ڈینٹل کالجز اور جامعات میں داخلے شروع

سندھ کے تمام نجی میڈیکل و ڈینٹل کالجز اور جامعات میں داخلوں کا عمل آج سے شروع ہو رہا ہے، جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی (جے ایس ایم یو) نےاس سلسلے میں درخواستوں کے لیے آن لائن پورٹل کا آغاز کردیا، درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 20 جنوری 2022 ہے۔جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کی ڈائریکٹر ایڈمیشن ڈاکٹر فاطمہ عابد کے مطابق MBBS اورBDS پروگرام میں داخلے کے خواہشمند تمام امیدواروں کو اطلاع دی جاتی ہے کہ وہ اپنی مکمل تعلیمی تفصیلات ، دستاویزات کے ساتھ آفیشل ویب پورٹل (http://www.jsmu.edu) پر جمع کرائیں،ساتھ ہی امیدوار اپنے انسٹی ٹیوٹ کی ترجیحات کا بالترتیب اندراج کریں۔جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر شاہد رسول نے کہا کہ جے ایس ایم یو صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو کی ہدایت کے مطابق MDCAT امتحان میں 50 فیصد نمبرز کوتسلیم کرنےکی پالیسی پر عمل پیرا ہے،انہوں نے داخلہ کے عمل میں میرٹ اور شفافیت کو برقرار رکھنے کو جامعہ کی اولین ترجیح قرار دیا۔ جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کو تمام نجی میڈیکل و ڈینٹل کالجز اور جامعات میں داخلہ دینے کا ٹاسک محکمہ صحت سندھ کی جانب سے گزشتہ ہفتے جاری کردہ ایک نوٹیفکیشن میں دیا گیا تھا۔ سندھ کے سرکاری میڈیکل اور ڈینٹل کالجز و جامعات میں داخلہ اس سال شہید محترمہ بے نظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی لاڑکانہ کے زیر انتظام ہو رہا ہے۔ سندھ میں میڈیکل و ڈینٹل کالجز اور جامعات میں داخلے سینٹرلی منعقد کیے جاتے ہیں اور یونیورسٹی کامیاب امیدواروں کے نام ان کے میرٹ نمبروں کے ساتھ ان کی پسند کے کالجوں کو بھیجتی ہے۔