علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی پچاس سال سے پاکستان میں علم اور خیر بانٹ رہی ہے ۔اس یونیورسٹی کا فیضان گھر گھر پہنچ چکا ہے


لاہور(جنرل رپورٹر)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی پچاس سال سے پاکستان میں علم اور خیر بانٹ رہی ہے ۔اس یونیورسٹی کا فیضان گھر گھر پہنچ چکا ہے ۔اس کی روشنی کی کچھ کرنیں میرے گھر کو بھی منور کرچکی ہیں ۔ان خیالات کا اظہار سینیٹر اعظم نذیر تارڑ وفاقی وزیر قانون و انصاف نے ایوان قائد اعظم ،جوہر ٹاؤن لاہور میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے پنجاب چیپٹر کی کانووکیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود وائس چانسلر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی اپنے قیام کی گولڈن جوبلی تقریبات کے حوالے سے اور اپنے طلباء کی کامیابیوں اور کامرانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے مرکز اور صوبوں کی سطح تک کانووکیشن منعقد کررہی ہے ۔اسی طرح کی ایک شاندار تقریب جناح کنونشن سنٹر اسلام آباد میں منعقد ہوچکی ہے اور لاہور کی آج کی تقریب اسی سلسلے کی کڑی ہے ،اسی طرح باقی صوبوں میں بھی اسی طرح کی پروقار تقریبات منعقد ہوں گی ۔ وائس چانسلر نے کہا یونیورسٹی سے اب تک چالیس لاکھ سے زائد طلباء پاس آؤٹ ہوچکے ہیں ۔ وائس چانسلر نے یونیورسٹی کی ڈیجیٹائزیشن اور جدت کے بارے میں بھی بتایا ۔ کانووکیشن میں پنجاب بھر کے بی اے ، بی ایس ،ایم اے ،ایم ایس سی ،ایم فل اور پی ایچ ڈی کے سات سو طلباء میں ڈگریاں اور سرٹیفکیٹ دیے گئے ۔ 100 طلباء کو اعلی تعلیمی کارکردگی کی بناء پر گولڈ میڈل اور تعریفی اسناد سے نوازا گیا ۔
تقریب میں یونیورسٹی کے رجسٹرار راجہ عمر یونس ،ڈائریکٹر جنرل ریجنل سروسز ڈاکٹر ملک توقیر احمد خان ،کنٹرولر امتحانات میاں محمد ریاض ،ریجنل ڈائریکٹر لاہور امان اللہ ملک سمیت یونیورسٹی کے ڈین ،فیکلٹی ممبران ،پرنسپل افسران ، ملازمین ،مختلف جامعات کے وائس چانسلرز ،انتظامی افسران اور دنیی ،سماجی ،صحافتی اور ادبی شخصیات نے شرکت کی ۔