علی ظفر بھی آصف علی کے چھکے دیکھ کر حیران

عالمی شہرت یافتہ گلوکار و اداکار علی ظفر بھی پاک افغان کے سنسنی خیز مقابلے میں قومی کرکٹر آصف علی کے شاندار چھکے دیکھ کر حیران ہوگئے۔

علی ظفر نے دلچسپ مقابلے میں افغانستان کے خلاف پاکستان کی شاندار فتح کے بعد مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر ’پلیئر آف دی میچ‘ آصف علی کے لیے خصوصی پیغام جاری کیا۔
گلوکار نے اپنے ٹوئٹ میں گزشتہ میچ کے اسٹار آصف علی سے مخاطب ہوتے ہوئے سوالیہ انداز میں کہا کہ ’آصف علی یہ کیا تھا؟‘

اُنہوں نے اپنے ٹوئٹ میں آصف علی کو ’باس مین‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’تین میں تین کامیابیوں کے بعد یہ واضح ہوگیا کہ ہماری ٹیم ناقابلِ شکست ہے۔‘

علی ظفر نے مزید کہا کہ ’مجھے بابر اعظم پر فخر ہے جبکہ شعیب ملک نے بھی زبردست کھیل کا مظاہرہ کیا۔‘
خیال رہے کہ گزشتہ رات افغانستان سے میچ میں آصف علی نے 19ویں اوور میں چار چھکے لگا کر پاکستان کو فاتح بنا دیا۔

افغانستان کے خلاف جارحانہ اننگز کی بدولت پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کرنے والے آصف علی کا کہنا ہے کہ خود پر اعتماد تھا کہ ٹارگٹ پورا کر لیں گے ، شعیب ملک سے ایک اوور پہلے کہا تھا کہ آخری اوور میں 25رنز بھی ہوئے تو بنا لیں گے۔