کین ولیمسن کی انجری معمولی نوعیت کی ہے، گیری اسٹیڈ

نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کوچ گیری اسٹیڈ کا کہنا ہے کہ کین ولیمسن ٹھیک ہیں انہیں معمولی نوعیت کی ہیم اسٹرنگ انجری ہے۔

گیری اسٹیڈ نے نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن کی انجری سے متعلق بیان میں کہا ہے کہ کوئی شک نہیں کین ولیمسن پاکستان کے خلاف میچ کیلئے فٹ ہوں گے، ورلڈ کپ کے پہلے میچ کے لئے کین ولیمسن وقت پر فٹ ہوجائیں گے۔
گیری اسٹیڈ کا کہنا تھا کہ کین ولیمسن گزشتہ ہفتے متحدہ عرب امارات (یو اے ای ) میں جاری بھارتی لیگ کے دوران ہیم اسٹرنگ انجری کا شکار ہوئے ہیں۔

یاد رہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ 17 اکتوبر سے متحدہ عرب امارات اور عمان میں شروع ہو گا، پاکستان اپنا پہلا میچ روایتی حریف بھارت کیخلاف کھیلے گا۔

ورلڈ کپ شیڈول کے مطابق پاکستان اپنا دوسرا میچ 26 اکتوبر کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گا، قومی کھلاڑی اپنے تیسرے میچ میں 29 اکتوبر کو افغانستان کے مدِمقابل ہوں گے۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل 10 اور 11 نومبر کو کھیلے جائیں گے جبکہ ٹورنامنٹ کا فائنل 14 نومبر کو ہو گا۔