پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بے پناہ اضافے نے عوام کا جینا محال کردی-پاکستان میں مہنگائی کا جن بے قابو

سکھر(نامہ نگار)جمعیت علماء اسلام ضلع سکھر کے سیکریٹری جنرل مولانا محمد صالح انڈھڑ نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے حکومتی نااہلی کی وجہ سے پیٹرولیم مصنوعات سمیت روز مرہ کی کھانے پینے کی اشیاء سے لیکر علاج معالجہ کی ادویات تک مہنگی ہوچکی ہے، پاکستان میں مہنگائی کا جن بے قابو ہوچکا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جے یو آئی رہنماؤں قاری لیاقت علی مغل،قاری عبداللہ مہاجر مکی،حافظ عبدالحمید مہر، قاری امان اللہ سکھروی،کامران الدین سومرو،رشید احمد شیخ و دیگر سے ملاقات کے دوران کیا، مولانا محمد صالح انڈھڑ نے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور آئے روز اشیاء خوردنوش کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافے کی شد ید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے عوامی دشمنی قرار دیا انہوں نے کہا کہ عوام دشمن پالیسیوں نے پاکستان کی مظلوم عوام سے جینے کی امنگ تک چھین لی ہے ،غریب اور متوسط طبقات دو وقت کی روٹی اور علاج معالجہ کیلئے شدید مشکلات سے دوچار ہیں وفاقی و صوبائی حکومتوں سمیت ضلعی انتظامیہ نے ناجائز منافع خورمافیا کو عوام کو لوٹنے کا فری لائسنس دیدیا ہے ،انتہائی افسوس کیساتھ کہنا پڑتا ہے کہ ملک میں روزانہ کی بنیادپر آٹا، چینی،گھی ودیگر اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں بے پناہ اضافے نے عوام کا جینا محال کردیا ہے، جے یو آئی نے ہمیشہ ملک کی سلامتی و خوشحالی سمیت عوام کے حقوق کی جنگ لڑی ہے اور عوامی حقوق کی جدوجہد کسی صورت کم نہیں ہوگی ،انہوں نے موجودہ حکومت سے پرزور مطالبہ کیا کہ فی الفور مہنگائی کو کنٹرول کرنے کیلئے موئثر اقدام کئے جائیں اور عوام کو ریلیف فراہم کرکے ان میں پائی جانیوالی بے چینی اور مایوسی دور کی جائے۔