انتظامیہ خاموش تماشائی بنی بیٹھی ہے، اس وقت ہمارے نوجوانوں کی کثیر تعداد اس نشے کی لت میں پڑتی جارہی ہے


مین پوری ، گٹکا اور ماوا بیچنے والوں کے خلاف ایکشن لینا ہوگا، حنید لاکھانی

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سربراہ بیت المال سندھ حنید لاکھانی نے کہا ہے کہ مین پوری ، گٹکا ، ماوا نہایت مضر صحت ہیں اور مستقبل کے معماروں کو محفوظ رکھنے کے لیئے سخت اقدامات اٹھانے بہت ضروری ہوگئے ہیں، نوجوانوں میں گٹکا، مین پوری اور ماوا کی وجہ سے کینسر جیسی موذی بیماریوں میں غیر معمولی اضافہ ہورہا ہے جو کہ لمحہ فکریہ ہے، سندھ ہائی کورٹ نے گٹکے اور ماوے کی فروخت پر پابندی لگائی لیکن پھر بھی مارکیٹ میں لوگ بیچ رہے ہیں پولیس ایسے لوگوں کے خلاف کاروائی کرے، ان خیالات کا اظہارانہوں نے حنید لاکھانی سیکرٹریٹ سے جاری کردہ بیان میں کیا، حنید لاکھانی نے کہا کہ گٹکے کی تیاری میں بنیادی طور پر خشک چھالیہ، تمباکو ، کتھا اور چونے کا استعمال کیا جاتا ہے گٹکے میں جو سپاری استعمال ہوتی ہے وہ سی گریڈ یعنی سب سے ناقص قسم کی ہوتی ہے جو کہ انسانی صحت کے لیئے نہایت مضر ہے اور اس کو کھانے والے نوجوانوں میں منہ ، جگر، سمیت مختلف اقسام کے کینسر پھیل رہے ہیں ، انہوں نے کہا کہ گٹکے میں مضر صحت عناصر شامل ہوتے ہیں جو محض چند ہفتوں میں صحت مند خلیوں کو کینسر زدہ کر سکتے ہیں یہی وجہ ہے کہ گٹکے کا زیادہ استعمال منہ کے کینسر کی بڑی وجہ ہے، نہایت افسوس کی بات ہے کہ گٹکے اور ماوے کی نا صرف سرعام فروخت ہورہی بلکہ کہیں کہیں تو پولیس کی سربراہی میں بھی بیچا جارہا ہے ، انہوں نے کہا کہ کراچی ، حیدرآباد، ٹھٹھہ ، بدین، میرپور خاص، ٹنڈو محمد خان سمیت سندھ کے تمام اضلاع میں گٹکے کی فروخت دھڑلے سے جاری ہے اور انتظامیہ خاموش تماشائی بنی بیٹھی ہے، اس وقت ہمارے نوجوانوں کی کثیر تعداد اس نشے کی لت میں پڑتی جارہی ہے اور دن بدن گٹکا و ماوا کھانے والے نوجوانوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جارہا ہے ملک دشمن عناصر ہماری نوجوان نسل کو تباہ کردینا چاہتے ہیں کیونکہ نوجوان کسی بھی معاشرے کی ترقی اورخوشحالی کی ضمانت ہوتے ہیں، انہوں نے کہا کہ اس وقت گٹکا، مین پوری اور ماوا مافیا کے پنجے اتنے مضبوط ہوچکے ہیںکہ یہ لوگ عدالتی احکامات کو بھی خاطر میں نہیں لاتے اور جتنی بھی پابندی لگا دی جائے یہ لوگ بیچتے ہی رہتے ہیں یہ لوگ ہماری قوم کے دشمن ہیں چند روپوں کے خاطر ہمارے نوجوانوں کو زہر کھلا رہے ہیں۔