کورونا وائرس صورتحال: مزید 17 مریض جاں بحق اور 925 دیگر متاثر

کراچی (11 ستمبر): گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 17 مریض انتقال کر گئے جس سے اموات کی تعداد 7133 ہو گئی ہے اور 16775 ٹیسٹ کرانے سے 925 نئے کیسزسامنے آئے ۔ یہ بات وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ہفتہ کو وزیراعلیٰ ہاؤس سے جاری ایک بیان میں کہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کورونا وائرس کے مزید 17 مریضوں نے اپنی جانیں گنوائیں جس سے اموات کی تعداد 7133 تک پہنچ گئی ہے جو کہ شرح اموات کا 1.6 فیصد بنتی ہے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ 16775 ٹیسٹ کئے گئے جس میں سے 925 کیسوں کا پتہ چلا جو کہ موجودہ تشخیصی شرح کا 5.5 فیصد ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب تک 5736248 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں جن کے نتیجے میں443963 کیسز کی تشخیص کی گئی ان میں سے 87.3 فیصد یعنی 387625 مریض صحتیاب ہو چکے ہیں جن میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں صحتیاب ہونے والے 627 مریض بھی شامل ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اس وقت 49205 مریض زیر علاج ہیں ان میں سے 48425 گھروں میں ، 40 آئسولیشن سینٹرز میں اور 740 مختلف ہسپتالوں میں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ 657 مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے جن میں سے 53 مریضوں کو وینٹی لیٹرز پر منتقل کیا گیا ہے۔ بیان کے مطابق 925 نئے کیسز میں سے 314 کا تعلق کراچی سے ہے جن میں ضلع شرقی 131 ، ضلع جنوبی 76 ، ضلع ملیر 42 ، ضلع وسطی 36 ، غربی 15 اور کورنگی 14 شامل ہیں۔ حیدرآباد میں 131 ، شہید بینظیر آباد 47 ، سانگھڑ 40 ، تھرپارکر 39 ، بدین 37 ، ٹھٹھہ 34 ، سجاول 30 ، ٹنڈو الہیار 28 ، مٹیاری 26 ، دادو 24 ، شکارپور 16 ، نوشہروفیروز اور سکھر 14-14، گھوٹکی اور میرپورخاص 13-13، خیرپور اور عمرکوٹ 12-،12،لاڑکانہ 11 ، جامشورو اور ٹنڈو محمد خان 8-8، جیکب آباد اور کشمیر 6-6 کیسز ہیں۔ مراد علی شاہ نے صوبے کے عوام پر زور دیا کہ وہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایس او پیز پر عمل کریں۔
عبدالرشید چنا
میڈیا کنسلٹنٹ، وزیراعلیٰ سندھ