سندھ ہائی کورٹ نے اخبارات کو واجبات کی ادائیگیاں نہ کرنے پر چیف سیکریٹری سندھ سے رپورٹ طلب کر لی۔


تاریخ: 31 اگست 2021ء

کراچی ( ) سندھ ہائی کورٹ نے اخبارات کو واجبات کی ادائیگیاں نہ کرنے پر چیف سیکریٹری سندھ سے رپورٹ طلب کر لی۔ یہ حکم سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس احمد علی شیخ اور جسٹس یوسف علی سید پر مشتمل ڈویژن بینچ نے منگل کو سی پی این ای کی جانب سے دائر کردہ توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے دیا۔ جب سماعت کا آغاز ہوا تو سی پی این ای کی جانب سے ڈاکٹر جبار خٹک نے عدالت کو بتایا کہ عدالت کے واضح احکامات کے باوجود اشتہارات کے واجبات کی ادائیگی سی پی این ای کے اخبارات کو نہیں کی گئی ہے۔ توہین عدالت کی سماعت میں محکمہ اطلاعات کے ماتحت جونیئر افسران کے پیش ہونے اور واضح عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے پر آئندہ سماعت کے موقع پر چیف سیکریٹری سندھ سے تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے آئندہ سماعت 10 ستمبر 2021 تک ملتوی کر دی۔ سی پی این ای کی پیروی جمیل رضا زیدی اور محمد اظہر فریدی ایڈووکیٹس نے کی جبکہ ڈاکٹر جبار خٹک سمیت سی پی این ای کے متعدد اراکین عدالت میں موجود تھے۔

جاری کردہ: کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز۔