مجھے PSL ہوتا ہوا نظر نہیں آ رہا، شعیب اختر

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر کاکہنا ہے کہ مجھے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 6 کے بقیہ میچز ابوظہبی میں ہوتے ہوئے نظر نہیں آرہے ہیں۔

راولپنڈی ایکسپریس کے نام سے مشہور سابق فاسٹ بولر نے جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہاکہ لیگ کرانے کے لئے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا ہوم ورک مکمل نہیں تھا۔
شعیب اختر کاکہنا ہے کہ ابو ظہبی نے اجازت سے قبل ہی پی سی بی کو آگاہ کردیا تھا، اس کے باوجود پی سی بی نے بھارتی پروڈکشن کریوکے علاوہ کوئی دوسرا انتظام نہیں کیا۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق سربراہ عارف علی خان عباسی کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کے دوبارہ کرانے پر ایک غلطی نہیں بلکہ غلطیوں کے پل باندھ دیئے گئے ہیں۔
عارف علی خان عباسی نے پی ایس ایل سے متعلق کرکٹ بورڈ پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ کھلاڑی ایئرپورٹ جاتے ہیں واپس آجاتے ہیں ٹیمیں جاتے جاتے رک جاتی ہیں یہ کونسا طریقہ کار ہے ؟

عارف عباسی نے بار بار غلطیاں کرنے پرپی سی بی کے موجودہ سربراہ احسان مانی اور سی ای او وسیم خان کو گھر چلے جانے کا مشورہ دیا ہے۔