افغان کرکٹر راشد خان نے ’میرے پاس تم ہو‘ کا گانا گا کر حیران کردیا

افغانستان کرکٹ ٹیم کے نوجوان کھلاڑی اور لیگ اسپینر راشد خان نے پاکستانی ڈرامے ’میرے پاس تم ہو‘ کا گانا گا کر پاکستانی مداحوں کو خوش کردیا۔
سوشل میڈیا پر راشد خان کی گانا گاتے ویڈیو وائرل ہوگئی ہے، جس میں وہ اپنی سُریلی آواز میں راحت فتح علی خان کا گانا گا رہے ہیں۔
افغان کرکٹر کا کرکٹ کے علاوہ یہ ٹیلنٹ دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین جہاں ان کی تعریفوں کے پُل باندھ رہے ہیں وہیں ان کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا سائٹس پر بڑی تعداد میں زیرِ گردش بھی ہے۔
یاد رہے کہ دورِ حاضر کے بہترین ٹی ٹوئنٹی اسپنر افغانستان کے راشد خان پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ابوظہبی میں کھیلے جانے والے بقیہ میچز کے لیے لاہور قلندرز کو دستیاب ہوں گے۔

لاہور قلندرز کے سی او او سمین رانا نے راشد خان کی لاہور قلندرز کے لیے دستیابی کی تصدیق کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ نہ صرف لاہور قلندرز کے مداحوں بلکہ پوری پی ایس ایل کے لیے اچھی خبر ہے۔
واضح رہے کہ راشد خان نے لاہور قلندرز کی جانب سے پی ایس ایل کے 2 میچوں میں شرکت کی تھی اور لاہور قلندرز دونوں میچوں میں فتح یاب ہوئی۔

راشد خان پہلی مرتبہ پی ایس ایل کا حصہ بنے ہیں اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے دو مرتبہ راشد خان کی خدمات حاصل کرنے کی کوشش کی تھی لیکن افغانستان کرکٹ بورڈ نے انہیں این او سی جاری نہیں کیا تھا۔