حکومت کا یکم جون سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان

حکومت نے یکم جون سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان کردیا ہے، اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات 8.86 روپے بڑھانے کی تجویزدی تھی، وزیراعظم نے مہنگائی کے باعث قیمتیں بڑھانے کی اوگرا کی تجویز مسترد کردی۔ تفصیلات کے مطابق حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے جس کے تحت لائٹ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 77روپے 65 پیسے برقرار رہے گی، پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 108 روپے 56 پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 110 روپے 76 پیسے فی لیٹر اور مٹی کے تیل کی قیمت 80 روپےفی لیٹر برقرار رہے گی۔
معاون خصوصی شہبازگل نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ انٹرنیشنل مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں لگاتار اضافہ ہو رہا ہے۔
اوگرا نے اس بار بھی فی لیٹر 8.86 روپے تک قیمت بڑھانے کی تجویز دی جو وزیراعظم نے منظور نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے خلاف وزیراعظم کے اقدامات کے تسلسل میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں کسی قسم کا اضافہ نہیں ہوگا۔

واضح رہے اوگرا نے یکم جون سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کی سمری تیار کی تھی۔ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے 32 پیسے فی لیٹر اضافے اور پٹرول کی قیمت موجود سطح پر برقرار رکھنے کی سفارش کی۔ سمری میںمٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمتوں کو بھی موجود سطح پر برقرار رکھنے کی سفارش کی۔ مزید برآں اوگرا نے جون کیلئے ایل پی جی کی قیمت میں اضافہ کردیا ہے، اوگرا نے جون کیلئے ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں 8 روپے 4 پیسے اضافہ کیا ہے۔
ایل پی جی کا 11.8 کلو کا گھریلو سلنڈر 94 روپے 89 پیسے مہنگا ہوگیا ہے۔ اضافے کے بعد گھریلو سلنڈر کی نئی قیمت 1667 روپے 29 پیسے مقرر ہوگی۔ مئی میں ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 1572 روپے 40 پیسے کا تھا۔ اوگرا کی جانب سے ایل پی جی مہنگی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ ایل پی جی کی نئی قیمتوں کا اطلاق جون 2021ء کیلئے ہوگا۔ دوسری جانب مسلم لیگ(ن) نے ایل پی جی کی قیمت میں 20روپے اضافے کیخلاف قرارداد پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کر ادی ۔
حناپرویز بٹ کی جانب سے جمع کرائی گئی قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ 20روپے اضافے سے ایل پی جی کی قیمت 90 سے بڑھ کے 110 روپے کلو ہو گئی ہے،گھریلو سلنڈر 200 روپے اورکمرشل سلنڈر 900روپے مہنگا ہو گیا ہے،گھریلو سلنڈر 1062 کی جگہ 1298 اورکمرشل سلنڈر 4086 کی بجائے 4994 روپے کا فروخت ہوگا۔مطالبہ ہے کہ ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ فوری واپس لیا جائے
https://www.urdupoint.com/daily/livenews/2021-05-31/news-2818476.html