شرم نظر میں ڈھونڈیں، عورت کے لباس میں نہیں: احمد علی بٹ

نامور کامیڈین اداکار احمد علی بٹ نے فلسطین سے اظہارِ یکجہتی کیلئے کراچی پریس کلب میں ہونے والے احتجاج میں بغیر دوپٹے کے شرکت کرنے پر تنقید کا نشانہ بننے والی ماہرہ خان کا ساتھ دیتے ہوئے ناقدین کو کھری کھری سنادیں۔

احمد علی بٹ نے انسٹاگرام پر اپنی اسٹوری شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’جن لوگوں کو دوپٹہ نظر نہیں آیا ان لوگوں کو عقل کہاں سے نظر آئے گی؟‘
احمد علی بٹ نے لکھا کہ ’شرم اپنی نظر میں ڈھونڈو عورت کے لباس میں نہیں۔‘

واضح رہے کہ ماہرہ خان نے کراچی پریس کلب پر فلسطین کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے ہونے والے مظاہرے میں شرکت کی۔
ماہرہ خان اس احتجاج میں قمیص شلوار میں ملبوس تھیں تاہم اُنہوں نے دوپٹہ نہیں لیا ہوا تھا، اداکارہ کی تصویریں اور ویڈیوز جیسے ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں تو جہاں کچھ صارفین نے فلسطین کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے ہونے والے مظاہرے میں ماہرہ خان کی شرکت کو سراہا تو وہیں ناقدین نے اداکارہ پر تنقید کے خوب تیر بھی برسائے۔

سوشل میڈیا صارفین نے ماہرہ خان کے لباس پر تنقید کرتے ہوئے سوال اُٹھایا کہ اداکارہ مظاہرے میں شرکت کرنے آئی تھیں لیکن اُن کا دوپٹہ کہاں تھا؟ اُنہوں نے دوپٹہ کیوں نہیں پہنا؟

اس تنقید پر یاسر حسین بھی اپنا ردعمل دے چکے ہیں۔