فلسطین میں اسرائیلی جارحیت اورغزہ سٹی میں میڈیا دفاتر پر اسرائیلی حملوں کے خلاف بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے زیر اہتمام کوئٹہ پریس کلب کے باھر احتجاجی مظاہرے

کوئٹہ(۔ ) فلسطین میں اسرائیلی جارحیت اورغزہ سٹی میں میڈیا دفاتر پر اسرائیلی حملوں کے خلاف بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے زیر اہتمام کوئٹہ پریس کلب کے باھر احتجاجی مظاہرے کا انعقاد کیاگیا مظاہرین نے اقوام متحدہ اور دیگر عالمی اداروں سے اسرائیلی جارحیت کا سنجیدگی سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ۔ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی کال پر بی یو جے کے زیر اہتمام کوئٹہ پریس کلب کے باھر منعقد ہونے والے مظاہرے میں صحافیوں نے بھر پور شرکت کی اور اسرائیلی حملوں کے خلاف نعرے لگائے اس موقع پرخطاب کرتےہوئے پی ایف یو جے کے مرکزی صدر شہزاد ذوالفقار ،مرکزی نائب صدر سلیم شاھد، بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے صدر سلمان اشرف ، سینئر نائب صدر شاہ حسین ترین، کوئٹہ پریس کلب کے صدر عبدالخالق رند اور انسانی حقوق کمیشن بلوچستان چپٹر کے کوآرڈینیٹر فرید شاھوانی نے غزہ سٹی میں میڈیا دفاتر اور فلسطینی نہتے عوام پر وحشیانہ حملوں کی مذمت کی اور اسے عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ۔مقررین نے کہا کہ غزہ میں قتل عام سے بہت بڑے انسانی المیے نے جنم لیا ہے اسرائیلی حملوں کے شھدا کے لواحقین اپنے پیاروں کی نعشوں کو تلاش کررہے ہیں اس موقع پر اقوام متحدہ اور او آئی سی سمیت دیگر عالمی اداروں کی خاموشی مجرمانہ عمل ہے ، مقررین نے کہا کہ اسرائیلی مظالم کے خلاف مذمتی قرارداد پاس کرنا کافی نہیں بلکہ اسلامی ممالک متحد ہوکر اسرائیل کے خلاف پریشر بڑھائیں اسرائیل کی جانب سے میڈیا دفاتر پر حملے مقصد صحافیوں کو اپنے فرائض کی ادائیگی سے روکنے اور حقائق چھپانے کی سازش ہے ، مقررین نے اقوام متحدہ ۔سلامتی کونسل اور دیگر عالمی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیلی جارحیت کو روکنے اور اسرائیل کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کیلئے سرگرم کردار ادا کرے ۔ اس موقع پر مظاہرین نے اپنا یہ مطالبہ دہرایا کہ شھید صحافی عبدالواحد رئیسانی سمیت دیگر قتل ہونے والے تمام شھید صحافیوں کے اصل قاتلوں کو کیفرکردار تک پہنچانے اور حقائق منظر عام پر لانے کیلئے بلوچستان ہائی کورٹ کے جج پر مشتمل عدالتی کمیشن بنایا جائے۔