ڈاکٹر علی زیدی نے اصغر اشفاق انگلش میڈیم اسکول فیڈرل بی ایریا میں پودا لگا کر خصوصی شجرکاری مہم کا افتتاح کیا۔


بلدیہ وسطی کے اسکولوں میں OWE کے تعاون سے 3 ہزار پودے لگائے جائیں گے
ڈاکٹر علی زیدی نے اصغر اشفاق انگلش میڈیم اسکول فیڈرل بی ایریا میں پودا لگا کر خصوصی شجرکاری مہم کا افتتاح کیا۔
مورخہ:۔28 /اپریل 2021 ؁ء
کراچی ( ) بلدیہ وسطی کے زیر انتظام چلنے والے اسکولوں میں 3 ہزار کے قریب پودے لگانے کی خصوصی شجر کاری مہم کا افتتاح میونسپل کمشنر ڈاکٹر سید محمد علی زیدی نے مقامی این جی او OWE کے صدر ڈاکٹر خالد محمود کے ہمراہ فیڈرل بی ایریا میں بلدیہ وسطی کے زیر انتظام چلنے والے اسکول اصغر اشفاق انگلش میڈیم اسکول کے میں پودا لگا کرکیا۔اس موقع پر ڈائریکٹر ایجوکیشن بلدیہ وسطی محمد اسلم خان،ڈائریکٹر باغات ندیم حنیف،ڈائریکٹر اسپورٹس اینڈ کلچر اکبر حسین،ڈپٹی ڈائریکٹر ایجوکیشن ابرار احمد،پرنسپل اصغر اشفاق اسکول حمیرا،انوائرمنٹ انچارج بلدیہ وسطی لبنی غزل، سوشل ورکر ندیم خان، اساتذہ و دیگر بلدیاتی افسران نے پودے لگا کر خصوصی شجرکاری مہم میں حصہ لیا۔ یہ بات سب پر عیاں ہے کہ موجودہ دور میں میں فضائی آلودگی ایک بین الاقوامی مسئلہ بن چکی ہے جس سے نمٹنے کے لئے دنیا کا ہر ملک اپنی بساط بھر کوشش کررہا ہے،سبزہ اور ہرے بھرے درخت فضائی آلودگی کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کر تے ہیں یہی وجہ ہے کہ بین الاقوامی سطح پر شجرکاری کو بہت اہمیت دی جاتی ہے اسی نظریے کے پیشِ نظر مقامی این جی او،آرگنائزیش فار ویلفیئر اینڈ امپاورمنٹ کے صدر ڈاکٹر خالد محمود نے میونسپل کمشنر بلدیہ وسطی ڈاکٹر سید محمد علی زیدی سے ملاقات کی اور ضلع وسطی کے بلدیاتی اسکولوں میں تین ہزار پودے لگانے کی خواہش کا اظہار کیا جسے قبول کرتے ہوئے آج بروز بدھ میونسپل کمشنر بلدیہ وسطی ڈاکٹر سید محمد علی زیدی نے ڈاکٹر خالد محمود کے ہمراہ اصغر اشفاق انگلش میڈیم اسکول فیڈرل بی ایریا میں پودا لگا کر خصوصی شجر کاری مہم کا آغاز کردیا واضح رہے کہ بلدیاتی اسکولوں میں لگائے جانے والے زیادہ تر پودے پھل اور سا ئیہ دار ہونگے مزید برآں اسکولوں میں سبزیاں اگانے کے لئے بھی طلباء و طالبات کو خصوصی عملی تعلیم سے آراستہ کیا جائیگا اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے میونسپل کمشنر علی زیدی نے کہا کہ صنعتی اور کمرشل مراکز میں فضائی آلودگی اور ماحولیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے درختوں کی کمی محسوس کی جا رہی ہے، ضلع وسطی میں جاری شجرکاری مہم بھی اسی مقصد کے تحت شروع کی گئی ہے جس میں فلاحی ادارے اور انجمنیں تعاون کر رہی ہیں، انہوں نے کہا کہ درخت نہ صرف ماحولیاتی آلودگی میں کمی لاتے ہیں بلکہ اس کے ساتھ بارشیں لا کر خوشگوار موسمی تبدیلی کا سبب بنتے ہیں، ماضی میں ہیٹ اسٹروک کی وجہ سے کراچی میں خاصی خطرناک صورتحال سامنے آچکی ہے جس کے پیش نظر اس بات کی اشد ضرورت ہے کہ زیادہ سے زیادہ درخت لگا کر موسم کی حدت کو کنٹرول کیا جائے،انہوں نے کہا کہ یہ پودے جب تناور درخت بنیں گے تو ان جگہوں کا منظر تبدیل ہوجائے گا اور شہر میں ایک مثبت اور صحت مند تبدیلی محسوس کی جائے گی۔اس موقع پر انہوں نے اسکول انتظامیہ کو ہدایت کی کہ خصوصی مہم کے دوران جو پودے لگائے جائیں گے انکی حفاظت اور پرورش اسکول انتظامیہ کی ذمہ داری ہوگی۔قبل ازیں اسکول انتظامیہ میونسپل کمشنر ڈاکٹر علی زیدی کا پرتپاک استقبال کیا اور انھیں پھولوں کے گلدستے بھی پیش کئے ۔ عالمگیر سیفی
انفارمیشن آفیسر(بلدیہ وسطی)