واٹربورڈ کے صدر دفتر میں واقع چیک سیکشن کو آگ لگانے والے ملزمان گرفتار : مختلف دفعات کے تحت مقدمات درج

کراچی  : واٹربورڈکے صدر دفتر میں واقع چیک سیکشن کو آگ لگانے والے ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمات درج کرادیئے گئے ہیں،آتشزدگی کے باعث چیک سیکشن کا کچھ ریکارڈ جل گیا، بعض دستاویز کو نقصان پہنچا ہے، ایم ڈی واٹربورڈ اسداللہ خان نے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی اور آئندہ ایسے واقعات کے سدباب کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں، سینئر افسران پر مشتمل کمیٹی واقعہ کی تحقیقات کرکے رپورٹ ایم ڈی واٹربورڈ کو پیش کرے گی، واٹربورڈ کی پاک اتحاد کونٹریکٹرزایسوسی ایشن، جزل ایمپلائز یونین، متحدہ ورکرز یونین،یونائیٹڈ ورکرز یونین اور پیپلز ورکرز یونین واقعہ کی سخت مذمت کی ہے،تفصیلات کے مطابق پیر کی سہ پہر سوک سینٹر گلشن اقبال کے عقب میں واقع واٹربورڈ کے صدر دفترکے چیک سیکشن میں واٹربورڈکے کونٹریکٹرگل ثواب کے بیٹوں ملزما ن محمد اسماعیل اورمحمد بلال نے داخل ہوکر کمرے میں موجود سرکاری دستاویز،کمپیوٹر، پرنٹر سمیت دیگر پر پٹرول چھڑک کر آگ لگادی، آگ کی زد میں واٹربورڈ کا عملہ بھی آگیا،تاہم انہیں فوری مدد فراہم کرکے جلنے سے بچالیا گیا ہے، واقعہ کی فوری اطلاع نیوٹاؤن پولیس اسٹیشن اور فائربریگیڈ کو دی گئی،پولیس نے ملزمان محمد بلال اور محمد اسماعیل کو حراست میں لے کر تھانہ پہنچادیا جبکہ فائربریگیڈ نے آگ پر جلد قابوپالیا، بعدازاں واٹربورڈ کے سینئرآڈیٹر سید واجد علی کی مدعیت میں نیو ٹاؤن تھانہ میں ملزمان کے خلاف زیردفعہ،34-427-436کے تحت مقدمات قائم کرادیئے گئے ہیں، علاوہ ازیں ایم ڈی واٹربورڈ اسداللہ خان نے واقعہ کا سخت نوٹس لیا ہے،انہوں نے ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی اور آئندہ ایسے واقعات کے سدباب کی ہدایات جاری کردی ہیں، سینئر افسران پر مشتمل کمیٹی واقعہ کی تحقیقات کرکے رپورٹ ایم ڈی واٹربورڈ کو پیش کرے گی،دریں اثناء واٹربورڈ کی پاک اتحاد کونٹریکٹرزایسوسی ایشن کے چیئرمین ہاشم خان،وائس چیئرمین غلام نے اس واقعہ کے فوری بعد کونٹریکٹرز کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا،اجلاس میں انہوں نے اس اقدام کی سخت مذمت کی اور اس سے لاتعلقی کا اظہارکیا،انہوں نے کہا کہ واقعہ سے تمام کونٹریکٹرز کو سخت صدمہ پہنچا ہے،واٹربورڈ کے کونٹریکٹرز کا اس اقدام سے کسی طور کوئی تعلق نہیں ہے،واٹربورڈ ہماری روزی کا ذریعہ ہے اس کے استحکام کیلئے ہم واٹربوڈ کی انتظامیہ اورتمام ملازمین کے ساتھ ہیں،علاوہ ازیں واٹربورڈ کی متحدہ ورکرز یونین کے چیئرمین محمد نعیم، صدر محمد شفیع نے روف پٹیل اور دیگر عہدیداران کے ساتھ ایم ڈی واٹربورڈ اسداللہ خان سے ملاقات کی اور اس واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے واٹربورڈ انتظامیہ وملازمین کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا،جبکہ جزل ایمپلائز یونین کے صدر خالد خان، یونائیٹڈ ورکرز یونین کے صدر پنہل خان مگسی،جزل سیکریٹری اکرام خان،، پیپلز ورکرز یونین کے جزل سیکریٹری محسن رضا اور دیگر مزدور رہنماؤں نے بھی اس واقعہ کی مذمت کی ہے انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات کا تدارک ہونا چاہئے،ملازمین کوتحفظ دیا جائے،اس واقعہ کے خلاف ہم واٹربورڈ ملازمین اور انتظامیہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔