جیکب آباد میں امن و امان بحال نہ ہوسکا، لوٹ مار اور چوری کی وارداتیں، شہری موٹر سائیکلوں اور قیمتی سامان سے محروم۔

جیکب آباد: رپورٹ ایم ڈی عمرانی ۔
جیکب آباد میں امن و امان بحال نہ ہوسکا، لوٹ مار اور چوری کی وارداتیں، شہری موٹر سائیکلوں اور قیمتی سامان سے محروم۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں پولیس امن و امان کو بحال کرنے میں مکمل ناکام ثابت ہوئی ہے چوری اور لوٹ مار کی وارداتیں معمول بن گئی ہیں جس کی وجہ سے شہری روزانہ اپنے قیمتی سامان سے محروم ہورہے ہیں، جیکب آباد کے مبارکپور تھانہ کی حدود گاؤں قبول کھوسہ سے نامعلوم چور علی نواز کھوسو کے گھر سے 125 موٹر سائیکل، 3 لاکھ نقدی اور دیگر قیمتی سامان چوری کرکے فرار ہوگئے، علاوہ ازیں جیکب آباد کے سول لائن تھانہ کی حدود بینظیر پارک کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے اسلحہ کے زور پر سعید رند سے موٹر سائیکل، 2 موبائل فون اور نقدی چھین کر فرار ہوگئے، شہر میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال پر شہریوں میں تشویش پائی جاتی ہے شہریوں کا کہنا ہے کہ پولیس امن و امان بحال کرنے میں مکمل ناکام ہوچکی ہے جرائم پیشہ افراد دن دھاڑے سرعام وارداتوں میں مصروف ہیں جبکہ پولیس خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے شہریوں نے مطالبہ کیا کہ امن و امان بحال کرکے شہریوں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔

جیکب آباد: رپورٹ ایم ڈی عمرانی ۔
جیکب آباد، ایس ایس پی کی شیعہ تنظیموں کے رہنماؤں سے ملاقات، محرم الحرام میں امن و امان کے قیام اور سیکورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی جیکب آباد سید سلیم شاہ نے محرم الحرام میں امن و امان کے قیام اور سیکورٹی کی صورتحال کے متعلق شیعہ تنظیموں کے رہنماؤں سے ملاقات کی، اجلاس میں پولیس کے افسران سمیت شیعہ رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی اور دیگر نے شرکت کی، شیعہ رہنماؤں نے ایس ایس پی کو مسائل سے آگاہ کیا، ایس ایس پی نے کہا کہ محرم الحرام میں حفاظتی اقدامات کو بہتر طریقے سے رائج کیا جائے گا محرم الحرام میں عوام کی جان و مال کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے اس لیے سیکورٹی کے فل پروف انتظامات کئے گئے ہیں، ایس ایس پی نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران عزاداروں کو مکمل سیکورٹی فراہم کی جائے گی اور مجالس، ماتمی جلوس، امام بارگاہوں سمیت مساجد اور عبادت گاہوں کی مکمل مانٹرنگ کرنے کے ساتھ حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا محرم الحرام کا مہینہ ہمیں قربانی، برداشت، بھائی چارہ اور اخوت قائم رکھنے کا درس دیتا ہے، اجلاس میں شیعہ رہنماؤں نے مختلف جعلی فیس بک آئی ڈیز و پیجز کی نشاندہی کی جس کے ذریعے شرپسند عناصر نفرتیں پھیلا رہے ہیں، ایس ایس پی جیکب آباد نے جعلی آئی ڈیز کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ افسرز کو احکامات دیتے ہوئے کہا کہ مذہبی معاملات پر انتشار پھیلانے والے عناصر کو کسی صورت رعایت نہیں دی جائے گی ایسے شرپسند عناصر کے خلاف بلاتفریق کاروائیاں عمل میں لائی جائیں گی۔ ایس ایس پی جیکب آباد سید سلیم شاہ نے کہا کہ ہم نے منفی سوچ کے حامل افراد کی حوصلہ شکنی کرنی ہے اور باہمی ہم آہنگی کو برقرار رکھا جائے تاکہ کسی بھی شرانگیزی کی صورت میں اس سے بروقت نمٹا جاسکے، تمام چھوٹے بڑے ہوٹلوں مسافرخانوں، ریلوی اسٹیشن اور بس اڈوں پر کڑی نظر رکھ کر داخلی وخارجی راستوں پر سخت چیکنگ کو یقینی بنایا جائے گا، تمام معاملات کو مانیٹر کرنے کے لیے خصوصی کنٹرول روم قائم کیا جائے گا۔

جیکب آباد
جیکب آباد، پیچوہا گوٹھ میں نہر سے 7 سالہ بچی کی لاش برآمد۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کے صدر تھانہ کی حدود پیچوہا گوٹھ میں شربت واہ نہر سے 7 سالہ بچی کی لاش برآمد ہوئی، اہل علاقہ نے بچی کی لاش کی نکال کر اسپتال منتقل کی جہاں ڈاکٹر نے بچی کے فوت ہونے کی تصدیق کی، نہر سے ملانے والی لاش کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی تھی لاش کو اسپتال میں رکھا گیا ہے اور لاوارث بچی کے ورثہ کی تلاش کی جارہی ہے۔

جیکب آباد
جیکب آباد میں 6روز سے نوجوان لاپتہ، والدہ کا بیٹے کی گمشدگی کے خلاف احتجاج۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کے فیملی لائن محلہ کی رہائشی خاتون سکینہ سولنگی نے پریس کلب کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ میرا نوجوان بیٹا عبدالحمید سولنگی 6 روز سے پراسرار طور پر لاپتہ ہوگیا ہے حدود کے تھانہ پر اطلاع کرنے کے باوجود پولیس بیٹے کو تلاش کرنے میں ناکام ثابت ہوئی ہے، والدہ نے بیٹے کی پراسرار گمشدگی پر احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ بیٹے کو فلفور تلاش کیا جائے۔

جیکب آباد
جیکب آباد پولیس کی کاروائی، 17 ہزار لیٹر ایرانی ڈیزل برآمد، ملزم گرفتار۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے 17 ہزار لیٹر ایرانی ڈیزل برآمد کرکے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا ہے پولیس ترجمان کے مطابق صدر تھانہ کی پولیس نے بائی پاس پر پولیس چیک پوسٹ 9 پر کاروائی کے دوران ایک ہینو بوزر گاڑی سے 17 ہزار لیٹر ایرانی ڈیزل برآمد کرکے ایک ملزم رفیق بروہی کو گرفتار کرلیا ہے، پولیس نے ڈیزل برآمد کرکے گاڑی کو اپنی تحویل میں لے لیا اور گرفتار ملزم کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔