ہیلتھ سٹی کا قیام شہریوں کے لئے بڑا تحفہ ہوگا، ایڈمنسٹریٹر کراچی

ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا ہے کہ منگھوپیر لیپروسی اسپتال سے ملحق 34 ایکڑ زمین پر ہیلتھ سٹی کا قیام کراچی کے شہریوں کے لئے بہت بڑا تحفہ ہوگا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز اپنے دفتر میں منگھو پیر ہیلتھ سٹی کے قیام کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر سینئر ڈائریکٹر کوآرڈینیشن خالد خان، سینئر ڈائریکٹر میڈیکل سروسز ڈاکٹر عبدالحمید جمانی، لیپروسی اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر آصف عثمان، سینئر منیجر الخدمت منظر عالم، جے ڈی سی کے ظفر عباس، سیلانی ویلفیئر کے یوسف لاکھانی، کراچی کڈنی ڈیزیز ایسوسی ایشن کے صدر مسعود نواب، عالمگیر ویلفیئر ٹرسٹ کے ریحان یٰسین، ایس آئی یو ٹی کے ڈاکٹر وسیم خان اور دیگر موجود تھے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے شہر میں کام کرنے والے فلاحی اداروں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ منگھوپیر میں کے ایم سی کے پاس 34 ایکڑ پر مشتمل قیمتی زمین موجود ہے جسے لینڈ گریبرز سے بچا کر دکھی انسانیت کی خدمت کے لئے استعمال کرنا چاہتے ہیں تاکہ یہاں ایک مکمل علاج معالجے کا بڑا مرکز قائم کیا جاسکے، فلاحی ادارے یہاں جو بھی طبی خدمات مہیا کرنا چاہیں ان میں بھرپور تعاون کریں گے۔انہوں نے کہاکہ لیپروسی اسپتال میں کروڑوں روپے مالیت کی مشینری و آلات اور لیبارٹری موجود ہے مگر بدقسمتی سے یہ سہولیات فعال نہیں ہیں، فلاحی ادارے آگے بڑھیں اور یہاں ڈائیگنوسٹک سینٹر بنائیں، یہ علاقے کے لوگوں کی ایک بہت بڑی ضرورت ہے۔ اجلاس کے دوران مختلف فلاحی اداروں کے نمائندوں نے اپنے ادارے کی طرف سے فراہم کی جانے والی سہولیات سے آگاہ کیا اور ایڈمنسٹریٹر کراچی کو یقین دلایا کہ وہ شہریوں کی فلاح و بہبود کے لئے بنائے گئے اس پروجیکٹ میں اپنے حصے کا کردار ادا کریں گے