فلم فیئر ایوارڈز 2021: عرفان خان کو کونسے دو اعزازات سے نوازا گیا؟

بالی ووڈ کے 66ویں فلم فیئر ایوارڈز کے دو ایوارڈ لیجنڈری اداکار عرفان خان کے نام رہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز ممبئی میں بالی ووڈ کے 66ویں فلم فیئر ایوارڈز کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں کئی نامور اداکاروں، پروڈیوسرز اور ہدایتکاروں نے کئی ایوارڈز اپنے نام کیے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ سال اس دُنیا سے رخصت ہوئے بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار عرفان خان کو بھی فلم فیئر ایوارڈز میں دو اعزازات سے نوازا گیا
عرفان خان کو فلم ’انگریزی میڈیم‘ میں بہترین اداکاری کرنے پر ’مرکزی کردار کے بہترین اداکار‘ کا ایوارڈ دیا گیا۔

اس کے علاوہ عرفان خان کو ’لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ‘ سے بھی نوازا گیا۔

واضح رہے کہ عرفان خان کی آخری فلم ’انگریزی میڈیم‘ تھی جس میں ان کی ساتھی اداکارہ کرینہ کپور تھیں
فلم ’انگریزی میڈیم‘ 2017ء میں ریلیز ہونے والی فلم ’ہندی میڈیم‘ کا سیکوئل تھی۔

’ہندی میڈیم‘ وہ فلم ہے جس میں عرفان خان کو بہترین اداکار کا فلم فیئر ایوارڈ ملا تھا اور اس فلم میں پاکستانی اداکارہ صبا قمر نے عرفان خان کے ساتھ مرکزی کردار ادا کیا تھا
خیال رہے کہ گزشتہ سال 29 اپریل کو ورسٹائل اداکار عرفان خان 53 سال کی عمر میں کولون انفیکشن کے باعث انتقال کر گئے تھے۔ عرفان خان کے لواحقین میں اہلیہ اور دو بیٹے ایان اور بابیل شامل ہیں۔