کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 13ویں میچ میں بابر اعظم اور محمد نبی کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں حسبِ روایت کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

پشاور زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 188 رنز بنائے تھے۔

پشاور زلمی کی طرف سے روی بوپارہ نے 58 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ شرفین ردرفورڈ 46 اور کامران اکمل نے 21 رنز بنائے۔

عماد بٹ نے 7 گیندوں پر 27 رنز کی ناقابل شکست دھواں دھار اننگز کھیلی اور ٹیم کے بڑے اسکور میں اپنا حصہ ڈالا۔

کراچی کنگز کے ڈینئل کرسٹین نے پشاور زلمی کے خلاف ایک اوور میں 32 رنز دیے اور پی ایس ایل میں سب سے مہنگا اوور کرایا۔

آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے ڈینئل کرسٹین کے اس ایک اوورز میں 3 چوکے اور 2 چھکے لگے، اس سے قبل اسی ایڈیشن میں کراچی کنگز کے عامر یامین نے ایک اوور میں 29 رنز دیے تھے۔

کراچی کنگز کی طرف سے محمد الیاس اور عباس آفریدی نے 2، 2 جبکہ ڈینئل کرسٹین نے 1 وکٹ اپنے نام کی۔

ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کے شرجیل خان بغیر کوئی رن بنائے صفر پر آؤٹ ہوگئے۔

تاہم بابر اعظم نے روایتی انداز میں بیٹنگ جاری رکھی لیکن کراچی کے لیے مشکلات بڑھ گئیں اور مطلوبہ ہدف آہستہ آہستہ بڑھتا رہا۔

ایسے میں محمد نبی نے اپنی پاور کا استعمال کرتے ہوئے جارحانہ بیٹنگ کی اور صرف 35 گیندوں پر 8 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 67 رنز بنا کر ٹیم کو جیت کے قریب کردیا۔

بابر اعظم نے 3 چھکوں کی مدد سے ناقابلِ شکست 77 رنز کی اننگز کھیلی اور ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر ہی حاصل کرلیا۔

محمد نبی کو مشکل حالات میں عمدہ بیٹنگ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا