سائرن سے سندھ میں تعلیم کا معیار بلند ہوگا سائرن سندھ کا اہم لرننگ پروگرام ہے، پروفیسر اقبال چوہدری و دیگر کا جامعہ کراچی میں ورکشاپ سے خطاب حکومت ِ سندھ اور ایل ای جے نیشنل سائینس انفارمیشن سینٹر کے اشتراک سے سائرن تشکیل پایا ہے

بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کے سربراہ اور کامسٹیک کے کوارڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹرمحمد اقبال چوہدری نے کہا ہے کہ بلا فاصلہ وسیع تعلیمی پروگرام کے عنوان سے صوبہئ سندھ میں تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے سندھ انوویشن، ریسرچ اینڈ ایجوکیشن نیٹ ورک (سائرن) صوبے سندھ کا اہم لرننگ پروگرام ہے جو حکومتِ سندھ اور بین الاقوامی مرکز کے ادارے ایل ای جے نیشنل سائینس انفارمیشن سینٹر نے باہمی طور پر تشکیل دیا ہے۔
یہ بات انہوں نے جمعرات کو آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی میں پروفیسر سلیم الزماں صدیقی آڈیٹوریم میں اکیڈمک ریسرچ کو کمرشلائز کرنے کے عنوان سے منعقدہ ایک روزہ ورکشات سے خطاب کے دوران کہی۔ ورکشاپ کا انعقاد سائرن اور ایل ای جے نیشنل سائینس انفارمیشن سینٹر کے باہمی تعاون سے ہوا۔ ورکشاپ لسبیلا یونیورسٹی کے ڈاکٹر میر دوست کے نگرانی مکمل ہوئی، جبکہ بین الاقوامی مرکز کی قائم مقام ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر فرزانہ شاہین نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔
پروفیسر اقبال چوہدری نے کہا ہے کہ سائرن کی تشکیل کا بنیادی مقصد اس پلیٹ فارم کے ذریعے سے ریسرچ، تدریس اورمواد کے معیار کو بلند کرنا اور تحقیقی تعاون بڑھانا ہے۔ انہوں نے کہا سائرن تمام جامعات کو ایک دوسرے سے مربوط کرے گا اور بعد میں یہی پلیٹ فارم کالج اور اسکولوں کو بھی ایک دوسرے سے مربوط کرے گا۔ انہوں نے کہ اس ورکشاپ کا مقصد نہ صرف اکیڈمک ریسرچ کی اہمیت کو سمجھنا بلکہ اس کی منہاج کا بھی ادراک کرنا ہے جس سے ریسرچ کے نتائج مصنوعات میں تبدیل ہوتے ہیں اور پھر وہ تجارتی بنیادوں پر استعمال ہوتے ہیں۔