زرمبادلہ ذخائر میں ایک مرتبہ پھر بڑی گراوٹ

زرمبادلہ ذخائر میں ایک مرتبہ پھر بڑی گراوٹ، 2 ہفتوں کے دوران تقریباً 14 کروڑ ڈالرز کی کمی، سرکاری ذخائر 13 ارب ڈالرز کی سطح سے نیچے آگئے۔ تفصیلات کے مطابق ترجمان اسٹیٹ بینک کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ مرکزی بینک کے ذخائر میں مسلسل دوسرے ہفتے بڑی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ اسٹیٹ بینک کی رپورٹ ک مطابق زرمبادلہ ذخائر میں مزید اور تقریباً 6 کروڑ ڈالرز کی کمی ہوئی ہے، یوں مرکزی بینک کے ذخائر 12 ارب 88 کروڑ ڈالرز کی سطح پر آگئے، اور ملک کے کل ذخائر 20 ارب 5 کروڑ ڈالرز کی سطح تک گر گئے۔


بتایا گیا ہے کہ 2 ہفتوں کے دوران زرمبادلہ ذخائر میں تقریباً 14 کروڑ ڈالرز کی کمی ہو چکی۔ گزشتہ ہفتے بھی زرمبادلہ ذخائر میں 8 کروڑ ڈالرز کی کمی ہوئی تھی جس کے بعد سرکاری زرمبادلہ کے ذخائر 12 ارب 94 کروڑ ڈالرز ہوگئے تھے۔
گزشتہ ہفتے کمرشل بینکوں کےزرمبادلہ کے ذخائر 7 ارب 12 کروڑ ڈالرز تھے جو اب اضافے سے 7 ارب 16 کروڑ ڈالرز ہو چکے۔ زرمبادلہ ذخائر میں اتار چڑھاو کی وجہ سے کرنسی مارکیٹ بھی متاثر ہو رہی ہے۔

فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق جمعرات کے روز انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قیمت خرید 35 پیسے کی کمی سے 159.20 روپے سے گھٹ کر 158.85روپے اور قیمت فروخت30پیسے کی کمی سے159.30روپے سے گھٹ کر159روپے ہو گئی اسی طرح20پیسے کی کمی سے مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید 159.20 روپے سے گھٹ کر 159 روپے اور قیمت فروخت 159.40روپے سے گھٹ کر159.20روپے ہوگئی۔ دیگر کرنسیوں میں یورو کی قدر میں40پیسے کی کمی ہوئی جس سے یورو کی قیمت خرید 191 روپے سے گھٹ کر 190.60 روپے اور قیمت فروخت 193روپے سے گھٹ کر 192.60روپے پر آ گئی۔ جب کہ برطانوی پاونڈ کی قیمت خرید 219.50 روپے سے بڑھ کر 220 روپے اور قیمت فروخت221.50روپے سے بڑھ کر222روپے ہو گئی

https://www.urdupoint.com/daily/livenews/2021-02-18/news-2733389.html