پاکستان کی تمام ثقافتوں کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے، سنگیتا


ڈرامہ سیریل ابّا کا سیزن ٹو پہلے کی طرح ضرور کامیابی حاصل کرے گا، نور حسن رانا
کراچی پریس کلب میں منعقدہ تقریب میں کامران مجاہد، سوزین فاطمہ، صندل نواز و دیگر فنکاروں کا اظہار خیال

کراچی(اسٹاف رپورٹر) فلم انڈسٹری کی سینئر اداکارہ و ہدایت کارہ سنگیتا بیگم نے کہا ہے کہ ٹی وی ڈراموں کے ذریعے پاکستان کی تمام ثقافتوں کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے، وہ کراچی پریس کلب میں پروڈیوسر نور حسن رانا کی ڈرامہ سیریل ’’ابا‘‘ سیزن ٹو کے فنکاروں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کررہی تھیں اس موقع پر سینئر صحافی طاہر حسن خان، سید امتیاز الحق بخاری، فلم ٹی وی جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے چیئرمین اطہر جاوید صوفی ، پی ٹی وی نیشنل کے جنرل منیجر مختار لغاری، خالد فرشوری و دیگر نے بھی اظہار خیال کیا، سنگیتا بیگم نے مزید کہا کہ انھوں نے فلم انڈسٹری میں سنہرے دن گزارے ہیں وہ یاد کرتی ہوں تو آنکھیں بھیگ جاتی ہیں، اب ٹی وی پر کام کررہی ہوں ڈرامہ سیریل ’’ابا‘‘ میں میرا کردار بہت پاور فل ہے اس سیریل میں مرکزی کردار عثمان پیرزادہ کا ہے ڈرامہ سیریل کے ہیرو کامران مجاہد نے کہا کہ ابا کے سیزن ٹو میں کام کرکے خوشی محسوس کررہا ہوں، رانا نور حسن بہترین پروڈیوسر ہیں، اداکار سوزین فاطمہ اور صندل نواز نے کہا کہ اس سیریل میں کام کرکے ہم نے اپنے سینئر سے بہت کچھ سیکھا ہے، اب اس کا سیزن ٹو تیار ہونے جارہا ہے امید ہے پہلے کی طرح ناظرین اس کو بھی پسند کریں گے، ڈرامہ سیریل کے پروڈیوسر صحافی نور حسن رانا نے کہا کہ جب ابا کا سیزن ٹو شروع ہوا تھا تو ریٹنگ کے اعتبار سے پہلے نمبر پر تھا بعد میں خلیل الرحمن قمر کے ڈرامے کی وجہ سے اس کی مقبولیت میں کچھ کمی ضرور آئی ہے لیکن پروڈکشن کے اعتبار سے ہمارا سیریل بہت بہتر تھا، کراچی پریس کلب ڈیموکریٹک پینل کے رہنما سینئر صحافی طاہر حسن خان نے کہا کہ ہم صحافیوں کی فلاح و بہبود کے علاوہ ادب اور ثقافت کے فروغ کیلئے بھی کررہے ہیں ہماری ہر اس طبقے سے دشمنی ہے جو ادب و ثقافت کے دشمن ہیں، اس موقع پر سنگیتا بیگم اور فنکاروں کو پھولوں کے تحائف بھی دیئے گئے، نظامت کے فرائض کراچی پریس کلب کی گورننگ باڈی کے رکن عبدالوسیع قریشی نے انجام دیئے۔