حکمران جماعت پی ٹی آئی کو بھارت اور اسرائیل سے فنڈنگ کے متعلق سوالات پر الیکشن کمیشن کو جواب دینا پڑے گا۔

عمرکوٹ (19 جنوری 2021) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حکمران جماعت پی ٹی آئی کو بھارت اور اسرائیل سے فنڈنگ کے متعلق سوالات پر الیکشن کمیشن کو جواب دینا پڑے گا۔

عمرکوٹ میں پارٹی کے مرحوم رہنما و سابق صوبائی وزیر سید علی مردان شاہ کی پہلی برسی کے موقعے پر منعقد عظیم الشان جلسہ عام کو خطاب کرتے ہوئے پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ پاکستان کی جمہوری قوتیں عوام کا سوال لے کر کھڑی ہیں کہ 2014ع سے آج تک الیکشن کمیشن یہ کیوں نہ بتاسکی کہ پی ٹی آئی کو کیوںکر بیرونِ مالک سے فنڈنگ ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو سکیورٹی رسک قرار دیا جاتا تھا، لیکن اب جن کو حکومت میں لایا گیا ہے، وہ فارن فنڈنگ سے آئے ہیں۔ “یہ نااہل اور سلیکٹڈ ہونے کے ساتھ ساتھ اسپانسرڈ بھی ہے”۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی سونامی میں کسانوں اور مزدوروں کا جینا دو بھر ہوگیا ہے۔ کرپشن کا شور مچانے والا خود کرپٹ نکلا، بلکہ اس کی پوری جماعت ہی کرپٹ نکلی۔ انہوں نے نشاندھی کرتی ہوئے کہا سب سے مہنگا میٹرو بس منصوبہ پشاور کا ہے، جس کی بسوں میں اچانک آگ بھڑک اٹھتی ہے، اور مسافروں کو بسوں سے اتر کر دھکے بھی لگانے پڑتے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وہ عمرکوٹ کی غیور و بھادر عوام کو مبارکباد دیتے ہیں، جنہوں نے ضمنی انتخابات میں اسلام آباد کو واضح پیغام بھیجا اور سلیکٹڈ کو رجیکٹڈ کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمر کوٹ کی عوام نے ٹھیکے پر کام کرنے والے پیروں اور ان سیاسی یتیموں کو بھی جواب دے دیا جو کل مشرف کے ساتھ تھے، آج عمران خان کے ساتھ ہیں۔

پی پی پی چیئرمین نے مرحوم سید علی مردان شاہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم ہمیشہ پیپلز پارٹی کے ساتھ کھڑا رہا اور پارٹی قیادت اور عمرکوٹ کی عوام کا ساتھ دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجھے یقین ہے، پی ایس 52 سے نومنتخب رکنِ سندھ اسمبلی سید امیر علی شاہ بھی اپنے مرحوم والد کی طرح ہمیشہ عمرکوٹ کی عوام کا ساتھ دے گا، اور ان کے دکھ و سکھ میں شامل رہے گا۔