شہر کی آبی ضروریات پوری کرنے میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، نجم احمد شاہ

شہر کی آبی ضروریات پوری کرنے میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، نجم احمد شاہ

کراچی(18 جنوری 2021)
سیکرٹری بلدیات، ہاوئسنگ و ٹاون پلاننگ سندھ نجم احمد شاہ نے کہا ہےکہ کراچی کی آبی ضروریات پر کسی بھی صورت کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا، تمام رہائشی و صنعتی علاقوں میں پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ ان خیالات کا اظہار سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نجم احمد شاہ نے اپنے دفتر میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کے دوران کیا جس میں محکمہ بلدیات سندھ کے اسپیشل سیکرٹریز ،ایم ڈی واٹر بورڈ، پراجیکٹ ڈائریکٹر K-IV، پراجیکٹ ڈائریکٹر KWSSIP سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔

سیکرٹری بلدیات سندھ نے اجلاس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کی آبی ضروریات میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہوتا چلا جارہا ہے، دنیا کے ہر بڑے شہر کی طرح کراچی کی ضروریات و مسائل بھی غیرمعمولی نوعیت کے حامل ہیں لہذا پیشگی منصوبہ بندی اور جامع حکمت عملی کے فلسفے کے تحت کراچی کے مستقبل اور یہاں کے باسیوں کی آبی ضروریات پر ابھی سے کام شروع کرنا حد درجہ ضروری ہے۔

نجم احمد شاہ نے ایم ڈی واٹر بورڈ سمیت تمام افسران کو پانی چوری کی روک تھام کے حوالے سے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ شہر کی آبی ضروریات کے لئے مختص کردہ پانی پر شہر کے مکینوں کا حق ہے لہذا پانی چوروں کا مکمل قلع قمع اور خاتمہ کرنے کے لئے اقدامات کو بروئے کار لایا جائے اور تمام قانونی تقاضوں کے تحت اس گھناونے کاروبار میں ملوث مافیا کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

سیکرٹری بلدیات سندھ نے عالمی فنڈنگ سے جاری منصوبوں کی رفتار مزید تیز اور کارکردگی نمایاں بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ شہر اور صوبے کا موجودہ انفرا اسٹرکچر بہتر بنانے کے لئے جاری تمام پراجیکٹس عوامی منفعت کی خاطر شروع کئے گئے ہیں لہذا ہر افسر اور اسٹاف مکمل دیانت داری اورجانفشانی کے ساتھ اپنی کاوشوں کو بروئے کار لائے اور صوبے کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرے۔