بھارتی کرکٹر ہاردک پانڈیا کے والد چل بسے

بھارتی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا اور کرونال پانڈیا کے والد چل بسے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی کرونال پانڈیا ان دنوں سید مشتاق علی ٹرافی کے لیے میچز کھیل رہے تھے لیکن اب والد کے انتقال کے بعد وہ سید مشتاق علی ٹرافی سے دستبردار ہوگئے ہیں۔

ہاردک پانڈیا اور کرونال پانڈیا کے والد کے انتقال پر بھارتی کرکٹرز کی جانب سے شدید تعزیت کا اظہار کیا جارہا ہے۔

اس ضمن میں سابق بھارتی آل راؤنڈ عرفان پٹھان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے اپنے پیغام میں کہا کہ ’مجھے آج بھی یاد ہے جب میں نے پہلی بار موتی باغ میں انکل سے ملاقات کی تھی۔
عرفان پٹھان نے کہا کہ ’وہ اس بات کے بہت شوقین تھے کہ اُن کے دونوں بیٹے بہترین کرکٹ کھیلیں ۔‘

آخر میں اُنہوں نے ہاردک پانڈیا اور کرونال پانڈیا سمیت اُن کے اہلخانہ سے افسوس کا اظہار کیا۔

دوسری جانب بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ ’ہاردک اور کرونال کے والد کے انتقال کی خبر سُن کر بہت دُکھ ہوا ہے
ویرات کوہلی نے کہا کہ ’میں نے اُن سے ایک دو بار بات کی تھی، وہ زندگی سے بھرپور اور ایک خوشگوار انسان تھے۔‘

آخر میں ویرات کوہلی نے اس مشکل گھڑی میں ہاردک پانڈیا اور کرونال پانڈیا کو مضبوط رہنے کی تلقین بھی کی