عثمان غنی میمن وفات پاگئے


کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان ٹیلیویژن کے سابق سینئر نیوز ایڈیٹر عثمان غنی میمن اتوار کو کراچی میں وفات پا گئے۔ ان کی عمر 75 سال تھی ۔
آنا للہ وانا الیہ راجعون۔ وہ کچھ عرصے سے پٹیل اسپتال میں زیر علاج تھے ۔ عثمان غنی میمن کی نماز جنازہ اتوار کو بعد نماز ظہر مسجد صفہ عزیز آباد میں ادا کی گئی جس میں مرحوم کے عزیز و اقارب، احباب، پی ٹی وی کے ملازمین اور اکابرین شہر نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ عثمان غنی میمن بہت با اخلاق اور نیک فطرت انسان تھے، ان کا شمار پی ٹی وی کے فرض شناس افسران میں ہوتا تھا۔ وہ چار عشروں تک پاکستان ٹیلی ویژن سے بطور ٹی وی جرنلسٹ وابستہ رہے۔ انہوں نے ذوالفقار علی بھٹو، جنرل ضیاء الحق، میاں نواز شریف اور بینظیر بھٹو شہید اور جنرل پرویز مشرف کی نیوز کوریج کے علاوہ سندھ میں سیلابوں، کراچی کے بم دھماکوں اور دہشت گردی کے دور کی نیوز کوریج کے حوالے سے غیر معمولی شہرت حاصل کی تھی۔ وہ پی ٹی وی نیشنل کے ڈائریکٹر کی حیثیت سے 2006 میں ریٹائر ہوئے۔ اس کے بعد انہوں نے وز پاک کے نام سے اپنی ویڈیو نیوز ایجنسی قائم کر لی تھی۔