ہر تعلیمی بورڈ کے مسائل حل کرنیکی کوشش کرینگے، علم الدین بلو

محکمہ بورڈز و جامعات نے بدھ کو پروفیسر شرف علی شاہ کو ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی اور ڈاکٹر سعید الدین کو اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کا چیئرمین مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ نوٹیفکیشن دینے کے سلسلہ میں باقاعدہ تقریب محکمہ بورڈز و جامعات کے دفتر میں منعقد ہوئی، ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ بورڈز و جامعات علم الدین بلو نے نامزد چیئرمینوں کو تقرر نامے دیئے، اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری اور ڈائریکٹر لیگل بورڈز مدثر خان بھی موجود تھے۔


اس موقع پر علم الدین بلو نے کہا کہ وہ سندھ کے ہر تعلیمی بورڈ کا دورہ کر کے وہاں کے مسائل کا جائزہ لیں گے اور انہیں حل کرنے کی کوشش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ سندھ کے بورڈز اور جامعات میں جلد ہی باقی چیئرمین حضرات کا تقرر کردیا جائے گا جبکہ ناظم امتحانات اور سیکرٹریز کی مستقل بنیادوں پر تقرریوں کو یقینی بنایاجائے گا ، بعد ازاں پروفیسرشرف علی شاہ نے ڈاکٹر سعید الدین سے میٹرک بورڈ کے چیئرمین کے عہدے کا چارج لیا اور کہا کہ بورڈ کے ملازمین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔ بورڈ کی کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جائے گا، ڈاکٹر سعید الدین نے اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔ ڈاکٹر سعید الدین نے کہا کہ اعلیٰ ثانوی

تعلیمی بورڈ کراچی کی ساکھ کو بہتر بنانے کیلئے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔