عمران نیازی کو معلوم ہونا چاہیئے کہ پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے آمروں کا انتہائی مشکل دور دیکھا ہے اس لیئے وہ ان چھوٹے آمروں کا دور بھی گذار لیں گے

قومی اسمبلی کے رکن اور پیپلز پارٹی کے سی ای سی کے ممبر نواب یوسف تالپور نے ملتان میں پیپلز پارٹی کے 53 ویں یوم تاسیس کے حوالے سے ہونے والے جلسے میں سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی موسی گیلانی اور کارکنوں کی گرفتاری اور وہاں جمع ہونے والے مجمع پر پولیس کے لاٹھی چارج کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دراصل عمران نیازی اور ان کے حواریوں کی جمہوریت پر شب خون مارنے کے مترادف ہے۔انہوں نے کہا کہ یوم تاسیس منانا پیپلز پارٹی کا جمہوری حق ہے اور ضیاء اور مشرف آمر کے دور میں بھی ہم یہ دن مناتے رہے ہیں لیکن انہوں نے بھی جمہوری قدروں کی ایسی پامالی نہیں کی جو نام نہاد جمہوریت میں عمران نیازی اور ان کے حواریوں نے کی ہے۔انہوں نے کہا کہ یوم تاسیس منانا پیپلز پارٹی کا جمہوری حق ہے لیکن وقت کے فرعون کی اس کی پامالی اور کارکنوں کی گرفتاری کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں اور حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ کارکنوں کو فوری رہا کیا جائے ورنہ ہم اس کے خلاف احتجاج بھی کریں گے اور اسمبلی میں اس پر احتجاجی تحریک بھی پیش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ عمران نیازی کو معلوم ہونا چاہیئے کہ پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے آمروں کا انتہائی مشکل دور دیکھا ہے اس لیئے وہ ان چھوٹے آمروں کا دور بھی گذار لیں گے لیکن جب عمران نیازی اور ان کے حواریوں پر یہ دن آئے گا تو ان کی چیخیں بھی نکلیں گی اور وہ ملک چھوڑ کر بھی بھاگ جائیں گے۔