لیاقت آباد فلائی اوور کے ایکسپینشن جوائنٹس کی تبدیلی میں نئی ٹیکنالوجی استعمال کی جا رہی ہے

ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی نے کہا ہے کہ لیاقت آباد فلائی اوور کے ایکسپینشن جوائنٹس کی تبدیلی میں نئی ٹیکنالوجی استعمال کی جا رہی ہے تاکہ تبدیلی کے بعد جوائنٹس پائیدار اور مضبوط رہیں اور شہریوں کو کسی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے، ٹریفک کے بھاری حجم کو دیکھتے ہوئے مرحلہ وار ایکسپینشن جوائنٹس تبدیل کئے جا رہے ہیں تاہم ٹریفک کی سہولت کے لئے ٹریک کا نصف حصہ ٹریفک کے لئے کھلا رکھا گیا ہے، ایک ٹریک پر کام مکمل ہونے کے بعد دوسرے ٹریک پر ایکسپینشن جوائنٹس تبدیل کئے جائیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے

لیاقت آباد فلائی اوور کے دورے میں مینا بازار والے ٹریک پر ایکسپینشن جوائنٹس کی تبدیلی کے کام کا جائزہ لیتے ہوئے کیا، اس موقع پر سینئر ڈائریکٹر کوآرڈینیشن مسعود عالم، ڈائریکٹر جنرل ورکس شبیہ الحسن زیدی اور متعلقہ انجینئرز و افسران بھی موجود تھے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے ہدایت کی کہ ایکسپینشن جوائنٹس کی تبدیلی کا کام تیزی سے کیا جائے اور فلائی اوور پر ٹریفک کی روانی برقرار ر کھنے کے لئے رات کے اوقات میں زیادہ سے زیادہ کام مکمل کیا جائے، انہوں نے ہدایت کی کہ لیاقت آباد فلائی اوور

کے تمام ایکسپینشن جوائنٹس چیک کئے جائیں،جہاں بھی ضرورت پڑے ایکسپینشن جوائنٹس کی تبدیلی اور مرمت کی جائے،ڈائریکٹر جنرل ورکس نے ایڈمنسٹریٹر کراچی کو ایکسپینشن جوائنٹس کی تبدیلی کے حوالے سے جاری کام کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور استعمال ہونے والے میٹریل کے بارے میں بتایا جس پر ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ مقررہ وقت میں عمدہ معیار کے ساتھ کام کی تکمیل یقینی بنائی جائے اور پوری کوشش ہونی چاہئے کہ اطراف سے گزرنے والی ٹریفک متاثر نہ ہو، انہوں نے کہا کہ بحالی اور ترقیاتی کاموں میں معیار پر ہرگز سمجھوتہ نہ کیا جائے کیونکہ ہمارا اصل مقصد شہرکو بہتر بنانا اور انفراسٹرکچر کو استحکام دینا ہے جس کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔