سلیم عاصمی کی صحافتی خدمات کو تادیر یادرکھا جائے ،کراچی پریس کلب

 سلیم عاصمی کی صحافتی خدمات کو تادیر یادرکھا جائے ،کراچی پریس کلب
وہ اپنے نظریات پر کاربند رہنے والے پرعزم انسان تھے،امتیاز خان فاران ،ارمان صابر
 پریس کلب کے سینئرممبر شکیل حسنین کے انتقال پربھی اظہار افسوس اوراہل خانہ سے تعزیت کا اظہار
کراچی(پ ر)کراچی کے پریس کلب کے صدر امتیاز خان فاران ،سیکرٹری ارمان صابر اور دیگر عہدیداروں نے سینئر صحافی اورکراچی پریس کلب کے سابق صدر سلیم عاصمی کے انتقال کو ملکی صحافت کے لیے ایک بڑا نقصان قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم کی صحافتی خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا ۔وہ آزادی اظہار رائے پر پختہ یقین رکھنے والے صحافی تھے ۔کراچی پریس کلب سے جاری تعزیتی بیان میں کراچی پریس کلب کے عہدیداروں نے کہا کہ سلیم عاصمی کی صحافیوں کے حقوق کے لیے حوالے سے ایک طویل جدوجہد ہے ۔وہ اپنے نظریات پر کاربند رہنے والے پرعزم انسان تھے ۔ان کا شمار کراچی پریس کلب کے ڈیموکریٹس پینل کے بانیوں میں ہوتا تھا جو 2009کے بعد مسلسل کراچی پریس کلب کے انتخابات میں کلین سوئپ کررہا ہے ۔وہ اپنی ذات میں ایک انجمن اور ادارے سے کم نہ تھے، جس نے بھی ان کے ساتھ کام کیا، اسے سیکھنے کا بہترین موقع ملا۔انہوںنے کہا کہ سلیم عاصمی نے مدیرروزنامہ ڈان کے علاوہ بطور نیوز ایڈیٹر خلیج ٹائمز میں بھی خدمات انجام دیں۔سلیم عاصمی نہ صرف ایک بہترین صحافی تھے، بلکہ پینٹنگ کلاسیکل موسیقی کا بھی شوق بھی رکھتے تھے۔ انہی کے دور میں ڈان کا اسلام آباد ایڈیشن شروع کیا گیا۔ وہ انسانی حقوق سے متعلق سرگرمیوں میں بھی کافی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے تھے۔ انہوںنے اپنے کام سے پوری ایک نسل کو متاثر کیا اور ان سے فیضیاب ہونے والے صحافی آج مختلف اداروں میں اہم ذمہ داریاں نبھارہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ سلیم عاصمی کی وفات سے جو خلا پیدا ہوا ہے وہ شاید کبھی پر نہیں ہوسکے گا۔ کراچی پریس کلب کے عہدیداروں نے کہاکہ کراچی پریس کے عہدیداران اور ممبران سلیم عاصمی کے اہل خانہ کے ساتھ اس دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔انہوںنے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلی مقام اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔دریں اثنا کراچی پریس کلب کے عہدیداروں نے پریس کلب کے سینئرممبراور روزنامہ جسارت کے سابق چیف رپورٹر شکیل حسنین کے انتقال پربھی اظہارافسوس کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیااوردعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلی مقام اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے ۔

عبدالرحمن
0321-2115504
سیکرٹری
پریس اینڈ پبلی کیشنز کمیٹی
کراچی پریس کلب