ایجنٹ اور نقل مافیا کا خاتمہ اولین ترجیح ہے، اختر غوری

ایجنٹ اور نقل مافیا کا خاتمہ اولین ترجیح ہے، اختر غوری
Oct 24, 2020
کراچی(نیوز رپورٹر) ضیاء الدین یونیورسٹی تعلیمی بورڈ کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر محمد اختر غوری نے فرینڈز پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن کے چیئرمین جہانزیب حسین کی قیادت میں آئے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ نجی تعلیمی اداروں کو درپیش تمام حل طلب مسائل کا فوری سدِ باب کیا جائے گا۔کیونکہ تمام درس گاہوں خصوصاً طلباء و طالبات کو سہولیات بہم پہنچانا اور ایجنٹ مافیا اور نقل مافیاکا خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے ۔ تعلیم کی راہ میں حائل ہر طرح کی رکاوٹ کو دور کرنے اور تعلیم کے حصول کو آسان و سہل بنانے کے ساتھ ساتھ تعلیمی معیار کو بلند کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات بروئے کار لائے جائیں گے۔ ایسوسی ایشن کے چیئرمین جہانزیب حسین نے سربراہ ضیاء الدین تعلیمی بورڈ کی جانب سے نجی اسکولز و کالجزکو درپیش مسائل کے حل کی یقین دہانی پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ضیاء الدین یونیورسٹی تعلیمی بورڈ کا ایجنٹ مافیا اور نقل مافیا کا قلع قمع کرنے کا عزم تعلیمی میدان سمیت طلباء کے مستقبل اور ملکی ترقی میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ کیونکہ نقل کلچر نے ہماری معاشی،معاشرتی ،اخلاقی اورعلمی عمارت کی بنیادوں کو کھوکھلا کردیا ہے۔ اس موقع پر فرینڈز کے چیئرمین جہانزیب حسین ،سینئر وائس چیئرمین سہیل ندیم،وائس چیئرمین ڈاکٹر سید ارسلان شعیبی،جنرل سیکریٹری شہزاد اکبر شمیم،فنانس سیکریٹری نعیم احمد،جوائنٹ سیکریٹری ذیشان صدیقی،صدر ضلع کورنگی ارشد بیگ اور صدر ضلع وسطی امجد صدیقی نے اختر غوری کوضیاء الدین بورڈ کی IBCCسے ایفیلیشن اور NEDیونیورسٹی میں میرٹ پر 18سیٹیں مختص ہونے پر مبارک باد پیش کی۔جہانزیب حسین نے مزید کہا کہ محمد اختر غوری کی علم پروری اور تعلیم سے دوستانہ روش ناصرف حصولِ علم میں انتہائی مددگار ہے بلکہ قابل ستائش بھی ہیں۔