ایچ ای سی سندھ یونیورسٹیز طلباء کو ایک لاکھ روپے بلاسود قرضہ دیگی

سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن نے سندھ کی سرکاری و نجی جامعات میں زیر تعلیم ضرورت مند اور مستحق طلباء کو ایک لاکھ روپے فی کس بلا سود قرضہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ چیئرمین سندھ ایچ ای سی ڈاکٹر عاصم حسین نے کہا کہ اس مقصد کیلئے5؍ کروڑ روپے کی رقم مختص کی جارہی ہے جسے بعد میں بتدریج بڑھا دیا جائے گا۔ زائد درخواستیں آنے کی صورت میں قرعہ اندازی کی جائے گی۔

ڈاکٹر عاصم حسین نے کہا کہ یہ رقم طلبہ کو 7؍ سال کے اندر واپس کرنی ہوگی اور واپس نہ کرنے کے صورت میں ایسے طلبہ کو نادہندہ قرار دے دیا جائے گا جس کے بعد وہ کسی بینک میں اکاونٹ ہی نہیں کھول سکیں گے۔ اس سلسلے میں اسٹیٹ بینک کی مدد لی جائے گی۔

ڈاکٹر عاصم حسین نے کہا کہ طلبہ کو بلا سود ایک لاکھ روپے فی کس دینے کا مقصد ان کی ضروریات کو پورا کرنا ہے تاکہ دوران تعلیم یہ رقم وہ فیسوں کی ادائیگی، تعلیمی اخراجات، ٹرانسپورٹ، رہائش اور دیگر مدوں میں خرچ کرسکیں اور انہیں کسی کے آگے ہاتھ پھیلانے کی ضرورت نہ پڑے۔

انہوں نے کہا کہ درخواست فارم جلد ہی سندھ ایچ ای سی کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کردیئے جائیں گے
———-کراچی( سید محمد عسکری)—–