کراچی میں‌ ایف آئی اے کی کارروائی، خاتون کو ہراساں‌ کرنے والا ملزم گرفتار

کراچی: فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی نے خاتون کو ہراساں کرنے والے نوجوان کو گرفتار کرلیا۔

نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے خاتون کی شکایت پر گلستان جوہر میں کارروائی کی جس کے نتیجے میں ملزم کو گرفتار کیا گیا۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق گرفتار ہونے والا شخص موبائل فون ریپئرنگ کی دکان چلا رہا تھا، وہ خواتین سے رابطہ کر کے انہیں شادی کی پیش کش کرتا اور تصاویر منگوا کر انہیں ہراساں کرتا تھا۔

متاثرہ خاتون نے بتایا کہ انہوں نے اپنا موبائل ٹھیک کروانے کے لیے دکان پر دیا تو دکاندار نے نمبر نکالا اور پھر شادی کے لیے رابطہ کیا، جب تصاویر بھیجیں تو پھر انہیں ایڈیٹ کر کے گھر والوں کو بھیجنے کی دھمکیاں دینے لگا۔

مزید پڑھیں: کراچی، غیر اخلاقی ویب سائٹ چلانے والا گروہ گرفتار

خاتون کئی روز تک اس صورت حال کا سامنا کرتی رہیں جس کے بعد انہوں نے ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کو درخواست دائر کی جس پر فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی نے ملزم کو گرفتار کر کے سائبر کرائم ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔

قبل ازیں ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل نے گلشن اقبال کے فلیٹ میں چھاپہ مار کر غیر اخلاقی ویب سائٹ اور موبائل ایپلیکیشن چلانے والے گروہ کو گرفتار کیا، چھاپے کے دوران 9 موبائل فونز، کمپیوٹر اور دیگر ڈیوائسز برآمد ہوئیں جن میں سے خواتین کی تصاویر بھی ملی ہیں۔